معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کا آغاز

تازہ خبر قومی

ادارہ میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کو بھی اہمیت : عفت ندیم

دیوبند،4؍ستمبر
(رضوان سلمانی)
لڑکیوں کے دینی مدرسہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں دینی علوم کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم کا بھی آغازکیا گیاہے۔اس موقع پر منعقد ہ پروگرام کی صدارت معہد عائشہ صدیقہ قاسم العلوم للبنات کی پرنسپل محترمہ عفت ندیم الواجدی نے کی،وہ آج کل ملک سے باہر ہیں،اس لئے انہوں نے طالبات سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے طالبات کو واقف کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معہد عائشہ الصدیقہ نے اپنے قیام کے روز اول سے ہی دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کو بھی اہمیت دی ہے اور دونوں طرح کے مضامین کو اپنے نصاب کا حصہ بنایا ہے،یہی وجہ ہے کہ ملک کی دو اہم یونیورسٹیوں نے معہد کی سند کو انٹر میڈیٹ کے مساوی تسلیم کیا ہے،انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے طالبات کے لئے کمپیوٹر کلاسسز کا آغاز کرنے جارہے ہیں،یہ بڑی خوشی کا موقع ہے ہمیں سب سے زیادہ مسرت اس بات پر ہے کہ اب ہماری طالبات کمپیوٹر ٹکنالوجی حاصل کرکے زمانے کی ضرورتوں اور تقاضوں کی تکمیل کرسکیں گی،اور انگلش وہندی اسکولوں اور کالجوں کی طالبات کی طرح اس فن سے بھی واقفیت حاصل کریں گی۔

محترمہ عفت ندیم نے بتلایا کہ خدا کے فضل وکرم سے اس سال معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات نے NIOSکے OBEپروگرام سے آٹھویں کلاس تک کی منظوری حاصل کرلی ہے،جب کہ گذشتہ سالوں تک ہماری طالبات نے یوپی بورڈ سے دسویں کے امتحانات اعلیٰ نمبرات سے پاس کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری طالبات عصری اور دینی جامعات ومدارس کے ثقافتی اور معلوماتی مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کرکے میڈلس جیت رہی ہیں یہ سب معلمین اور معلمات کی محنت اور طالبات کے شوق تعلیم ا ور سرپرستوں کے احساس ذمہ داری کی وجہ سے ممکن ہورہا ہے،مجھے امید ہے کہ اب طالبات کمپیوٹر کی تعلیم میں بھی دل چسپی لیں گی اور شوق ولگن کے ساتھ یہ ٹکنالوجی حاصل کریں گی،

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ معہد کے دیگر شعبوں کی طرح یہ شعبہ بھی ترقی سے ہمکنار ہوگا،اس موقع پر کمپیوٹر ٹیچر محترمہ ثمرین صاحبہ نے بھی خطاب کیا اور کمپیوٹر کی تعلیم کی اہمیت واضح کی انہوں نے کہا کہ بغیر لگن اور محنت کے آپ کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتیں۔اس لئے تمام طالبات شوق سے پڑھیں اور سیکھیں۔یاد رہے کہ کرونا کی وجہ سے اب تک معہد عائشہ میں تمام کلاسیز کی تعلیم اون لائن چل رہی تھی، اور ڈیڑھ سال تک نہایت کامیابی کے ساتھ اون لائن تعلیم کا یہ سلسلہ جاری رہا،

اب الحمد اللہ حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے تعلیم کا براہ راست سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔اس سال عالمیت کے ساتھ ساتھ افتاء کا کورس بھی شروع کیا گیا ہے،اللہ کے فضل سے بزم عائشہ ؓ اور الحریم کی رونقیں بھی بحال ہوگئی ہیں۔پروگرام کا اختتام پرنسپل صاحبہ کی دعا پر ہوا۔اس موقع پر تمام معلمین ومعلمات اور جملہ طالبات موجود تھیں۔