حیدرآباد سٹی پولیس اور سٹی سیکیورٹی کونسل کے زیر ابتمام میگاویکسینیشن مہم
حیدرآباد۔15/جون
(زین نیوز)
محکمہ پولیس تلنگانہ نے کورونا وباء کے دوران عوامی خدمات اور اپنے فرائض بخوبی انجام دئے ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس محکمہ،غریبوں اور ضرورت مندوں کی خدمت کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے رہا ہے۔پچھلے ایک سال تین مہینوں سے تلنگانہ ریاست میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ، ڈاکٹرس ، نرسیس ، دیگر میڈیکل اسٹاف، تمام فرنٹ لائن آفیسرس اور اسٹاف نے کووڈ کے خاتمہ کے لیےبے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
ان خیالات کااظہاروزیرداخلہ الحاج محمدمحمودعلی نےسلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائیٹی ، بنجارہ ہلزمیں منعقدہ میگاویکسینیشن مہم کے افتتاح کے بعد منعقدہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے مفت کورونا ٹیکہ کی فراہمی کے لیے چھ ہزار ہزارغریب افراد کی نشاندہی کی ہے جن میں فقراء ، کچرہ اٹھانے والے، خواجہ سراؤں کے بشمول جھوپڑ پٹی میں رہنے والے قابل ذکر ہیں اس کے لیے برسر موقع رجسٹریشن کروانالازمی ہے۔یہ پروگرام حیدرآباد سٹی پولیس اور سٹی سیکیورٹی کونسل کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اس پروگرام کے انعقاد میں رینبو چلڈرن ہاسپٹلس،سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی اور شریاس میڈیا نے تعاون کیا ہے ۔ جبکہ میگا انجنیرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ نے ویکسین فراہم کۓ ہیں۔الحاج محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹرچندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر میں مفت کووڈ ٹیکہ مہیا کررہی ہے۔
فی الحال ریاست بھر میں بڑےپیمانے پر ٹیکہ اندازی مہم جاری ہے۔ تلنگانہ حکومت نے پہلی اور دوسری لہروں میں اس وبائی بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور غریبوں وضرورت مندوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیےمتعدد قدم اٹھاۓ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وبائی مرض کے مکمل خاتمہ پر جلد ہی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست کے حالات کو معمول کے مطابق لایاجاۓگا۔
انھوں نے میگا ویکسینیشن مہم کے کامیاب انعقادپرکلکٹر ضلع حیدرآباد مسز سویتا موہنتی ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنرمسٹر انجنی کمار ، جوائنٹ پولیس کمشنر ، ویسٹ زون مسٹر اے ار سرنیواس، ڈائریکٹر آف ہیلتھ جی سرنیواس راؤ،حیدرآباد سٹی سیکیورٹی کونسل اور دیگر افسران واسٹاف کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
اس موقع پر خیریت آباد رکن اسمبلی دانم ناگیندر ،جوبلی ہلزرکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ اور میگا انجنیرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈکےمینیجنگ ڈائریکٹر پی وی کرشنا ریڈی موجود تھے۔