جگتیال ڈسٹرکٹ لائبریری کے گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن کونسل کویتا کی شرکت
جگتیال۔ 15؍جون
(زین نیوز)
ریاست میں نوجوانوں اور طلباء کے استفادہ کیلئے لائبریریوں کا مضبوط نظام موجود ہے۔ یہ بات رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے ضلع جگتیال کے پدمانائکا کلیانا منڈپم میں جگتیال ڈسٹرکٹ لائبریری کی گورننگ باڈی کے مبارکبادی اجلاس میں شرکت کے موقع پر کہی۔
کویتا نے جگتیال ڈسٹرکٹ لائبریری کے نومنتخب چیرمین ڈاکٹر چندرشیکھر گوڑ اور گورننگ باڈی کے دیگر ممبران کو مبارکباد دی۔ اس مبارکبادی اجلاس میں رکن کونسل کویتا کے علاوہ وزیر کپالا ایشور، اسٹیٹ لائبریری چیرمین ایاچتم سریدھر ، اراکین اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار، سنکے روی شنکر ، ضلع پریشد چیرپرسن داوا ونستھا نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر رکن کونسل کویتا ، وزیر کپالا ایشور اور اسٹیٹ لائبریری چیرمین نے ڈاکٹر چندرشیکھر گوڑ کو اپائنٹمنٹ لیٹر حوالہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے عوام کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے اور اس میں کتب خانوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتب خانے تعلیمی عدم مساوات کو بڑی حد تک کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ معاشی طور پر پسماندہ طلباء لائبریریز سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔
کویتا نے کہا کہ ریاست میں لائبریریز کا مضبوط نیٹ ورک موجود ہے اور ان لائبریریز میں ہر شعبہ سے متعلق کتابیں دستیاب ہیں۔ مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء کیلئے بھی لائبریریز میں کتابیں دستیاب ہیں جو ان کیلئے بہت ہی کار آمد ہوتی ہیں۔ کویتا نے وزیر کپالا ایشور کو مزید تین زونس میں لائبرریز قائم کرنے کیلئے کہا۔
کویتا نے کہا کہ بہت جلد چیف منسٹر کے چندرشیکھر کے ہاتھوں ضلع میں نئی لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ لائبریریوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قدیم اور نئی تعمیر ہونے والی لائبریریوں میں ای لائبریری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
رکن کونسل کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی ایک مضبوط علاقائی جماعت کے طور پر ابھری ہے اور وہ ریاست کےتمام طبقات کے فلاح و بہبود کی پابند ہے۔
وزیر کپالا ایشور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جگتیال ضلع میں انہوں نے اسٹڈی سرکل قائم کرنے کے تعلق سے رکن کونسل کویتا سے مشورہ کیا ہے جس پر کویتا نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ نو تقررہ لائبریری چیرمین ڈاکٹر چندرشیکھر گوڑ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن کونسل کویتا ، وزیر کپالا ایشور، اسٹیٹ لائبریری چیرمین ایاچتم سریدھر، اراکین اسمبلی ڈاکٹر سنجئے کمار ، سنکے روی شنکر و دیگر کا شکریہ ادا کیا ۔
