پرانی رنجش کے سبب ہوئی مارپیٹ میں خاتون سمیت تین افراد زخمی
دیوبند،10؍نومبر
(رضوان سلمانی)
ملازمت دلانے کے نام پر 5لاکھ روپے کی ٹھگی کرنے کے الزام میں پولیس نے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے ایک ملازم کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کیا ہے۔تفصیل کے مطابق دیوبند کے محلہ لہسواڑہ کے باشندہ امجد نے عدالت میں ثبوت پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چندینا کولی گاؤں کاباشندہ انکورشرما چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر میں تعینات ہے۔
امجد کا الزام ہے کہ انکور شرما نے اسے بتایا کہ محکمہ صحت میں ملازمت کے لئے کچھ جگہیں خالی ہیں اور اس نے نوکری دلانے کے نام پر اس سے 5لاکھ روپہ کا مطالبہ کیا۔امجد کا کہنا ہے کہ 15؍جولائی 2019کو دو گواہوں کی موجودگی میں اس نے انکور کو 3لاکھ پچاس ہزار روپے دئیے اور باقی 1لاکھ پچاس ہزار روپے تقرری نامہ ملنے کے بعد دینے کا وعدہ کیا لیکن جب کافی عرصہ گذر جانے کے بعد اسے تقرری نامہ نہیں ملا تو اس نے انکور سے اس سلسلہ میں بات کی۔امجد کا کہنا ہے کہ انکور نے تقرری نامہ دلانے کے لئے باقی رقم 1لاکھ پچاس ہزار روپے دینے کے لئے کہا تو اس نے باقی رقم بھی 27؍ستمبر 2019کو انکور کے بینک کھاتہ میں جمع کرادئیے۔لیکن اس کے باوجود اسے تقرری نامہ نہیں ملا ۔
امجد نے بتایا کہ کافی عرصہ گذرجانے اور تقرری نامہ نہ ملنے کے بعد رقم کی واپسی کا مطالبہ کیاتو انکور نے اسے اوری اینٹل بینک کا ایک چیک دے دیا لیکن کھاتہ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ چیک باؤنس ہوگیا۔امجد کا کہنا ہے کہ اب اپنی رقم واپس مانگنے پر انکور اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہا ہے۔جب یہ فریب دہی کا معاملہ عدالت میں پہنچا تو تمام ثبوت دیکھنے کے بعد عدالت نے انکور پر دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات دئیے۔
کوتوالی انچارج یوگیش شرما نے بتایا کہ عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے انکور کے خلاف فریب دہی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پورے معاملہ کی تحقیق کی جارہی ہے۔دوسری جانب رنجش کے سبب آدھا درجن سے زائد افراد نے گھر میں گھس کر خاتون سمیت تین افراد کو مارپیٹ کرکے زخمی کردیا، متأثر شخص نے پولیس کو تحریر دے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گائوں بنہیڑہ خاص کے رہنے والے رفاقت نے دیوبند کوتوالی میں تحریر دیتے ہوئے بتایا کہ گائوں کا ہی رہنے والا ایک شخص ان سے رنجش رکھتا ہے جس کے سبب مذکورہ شخص آج اپنے لڑکوں اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ لاٹھی ڈنڈے لے کر ان کے گھر میں گھس آیا اور گالی گلوچ کرتے ہوئے اس کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی جس میں وہ زخمی ہوگیا۔
اتنا ہی نہیں درمیان میں آئی اس کی چچی ستارہ اور بھائی دلشاد کو بھی مارپیٹ کر زخمی کردیا گیا۔ شور کی آواز سن کر پڑوس میں رہنے والے لوگوں کو آتا دیکھ کر ملزمان طمنچہ سے فائر کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ اس سلسلہ میں تھانہ انچارج کا کہنا ہے کہ تحریر کی بنیاد پر معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔