ملاوٹی شراب معاملہ کلکٹر او رضلع ایس پی کے خلاف کارروائی

تازہ خبر قومی

بھوپال 13جنوری
زین نیوزڈیسک
وزیر اعلیٰ مسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے مرینا ضلع میں ملاوٹی شراب نوشی کے سلسلہ میں ہوئیں اموات کے معاملے میں آج صبح رہائش گاہ پر اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں وزیر داخلہ ڈاکٹرنروتم مشرا، وزیر کمرشیل ٹیکس اور مالیات مسٹر جگدیش دیوڑا، چیف سکریٹری مسٹر اقبال سنگھ بینس ، ڈائریکٹر جنرل آف پولس مسٹر وویک جوہری ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ ڈاکٹر راجیش راجورا ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ مسٹر منیش رستوگی ، پرنسپل سکریٹری کمرشیل ٹیکس شریمتی دیپالی رستوگی موجود تھیں۔وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان نے کہاکہ مرینا کا حادثہ غیر انسانی اور تکلیف دہ ہے ۔ ریاست میں ملاوٹ کے خلاف مہم چل رہی ہے ، پھر بھی یہ درد ناک حادثہ رونما ہوا۔ وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان نے اس معاملے میں مرینا کے کلکٹر اور ایس ۔پی ۔ کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ساتھ ہی متعلقہ علاقہ کے ایس ڈی او پی کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ آبکاری افسر کو پہلے ہی معطل کیاجاچکاہے۔ وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان نے کہاکہ اس پورے معاملے کی جانچ کرکے رپورٹ سونپی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس طرح کے حادثات دوبارہ نہ ہوں۔دیگر اضلاع بھی بیدار رہیں۔ ایسے معاملات میں کلکٹراور ایس پی ذمہ دار مانے جائیںگے۔قصوروار افسران کے خلاف ایکشن بھی لیاجائیگا۔ وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان نے کہاکہ ایسے حادثات پر میں خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا۔ ڈرگ مافیا کے خلاف سخت مہم جاری رہے گی ۔ پوری ریاست میں غیر قانونی شراب کے خلاف مہم چلے۔ غیر قانونی شراب کی فروختگی پر پورا کنٹرول ہو۔ ایسا بیوپار کرنے والوں کو بتاہ کیاجائے۔ وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان نے ڈائریکٹر جنرل آف پولس سے حادثہ کی تفصیلی معلومات حاصل کی۔ مرینا ضلع میں ہوئے حادثہ میں استعمال میں لائی گئی ملاوٹی شراب کے بنانے کے مرکز اور قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کے ساتھ ہی متعلقہ ڈسٹلری کی جانچ کی ہدایت بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے آبکاری اور پولس عملے کی تعیناتی میں مقررہ مدت کے بعد تبدیلی کی ہدایت بھی دی۔انہوںنے کہاکہ ڈسٹلری کیلئے تعینات آبکاری عملے اور او۔ آئی ۔ سی۔ کو اوور ٹائم دئے جانے کے سسٹم میں بھی تبدیلی کی جائے۔