ممبئی : 29؍جولائی
(زیڈ این ایم ایس)
ممبئی ملاڈ کی ایک 35 سالہ خاتون کے لیے 2 منٹ میں تیار ہونے والی میگی جان لیوا ثابت ہوئی۔ دراصل میگی سے نہیں بلکہ خاتون نے غلطی سے اس میں چوہے کا زہر بھرے ٹماٹر ڈال دیا تھا۔ مرنے سے قبل پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں خاتون نے بتایا تھا کہ اس نے چوہے کو مارنے کے لیے ٹماٹر پر زہر ڈالا تھا لیکن ٹی وی دیکھتے ہوئے غلطی سے زہر والے ٹماٹر کو کاٹ کر میگی میں ملا کر کھا لیا۔ تقریباً ایک ہفتہ علاج کے باوجود خاتون کی موت ہو گئی۔
یہ واقعہ ممبئی کے ملاڈ علاقہ میں پیش آیا۔ مالوانی پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے. مالوانی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر شیکھر بھلیراو نے کہا کہ خاتون ایک ہفتے سےہسپتال میں زیر علاج تھی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 35 سالہ خاتون کا نام ریکھا دیوی نشاد تھا۔ وہ ماروے روڈ پر پاسکل باری میں اپنے شوہر اور بہنوئی کے ساتھ رہتی تھی۔ پولیس کے مطابق 20 جولائی کو خاتون گھر میں اکیلی تھی۔ اس کا شوہر اور بہنوئی کام پر گئے ہوئے تھے۔ اس دوران اس نے غلطی سے میگی میں زہر ملا ہوا ٹماٹر ڈال کر کھا لیا۔ چند گھنٹوں کے بعد جب اس کی طبیعت خراب ہونے لگی تو گھر آئے اس کے شوہر اور بہنوئی اسے شتابدی ہسپتال لے گئے۔ ایک ہفتہ کے علاج کے بعد خاتون کی موت ہو گئی۔
مالوانی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر شیکھر بھلرااؤ نے ایچ ٹی کو بتایا کہ خاتون کےہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس عہدیدار وہاں گئے اور اس کا بیان ریکارڈ کیا۔ مرنے سے پہلے خاتون نے پولیس کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ اس نے گھر میں چوہے مارنے کے لیے ٹماٹر پر زہر ڈالا تھا۔ ٹی وی دیکھتے ہوئے اس نے غلطی سے وہی ٹماٹر اپنی میگی میں کاٹ کر کھا لیا۔