منسوخ شدہ راشن کارڈکارڈس کو بحال کرنے کا مطالبہ

بین الریاستی تازہ خبر

مجلسی قائدین کی ڈسٹرکٹ سیول سپلائز آفیسر جگتیال ضلع سے نمائندگی
جگتیال:16؍جون
(زین نیوز)
جگتیال مجلس کے صدر یونس ندیم کی قیادت میں مجلس کے ایک وفد نے ڈسٹرکٹ سیول سپلائز آفیسر جگتیال ضلع کے چندن کمار سے ملاقات کرتے ہوئے نئے راشن کارڈ کے لئے درخواستیں قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔اور راشن کارڈس کے زیر التواء تمام درخواستوں کی فوری یکسوئی پر زور دیا۔

یونس ندیم نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد صرف ایک مرتبہ نئے راشن کارڈ جاری کئے گئے۔اس کے بعد ہزاروں افراد نے راشن کارڈ کے لئے درخواستیں داخل کی تھی لیکن اب تک نئے راشن کارڈ جاری نہیں کئے گئے۔جس سے غریب عوام کو کافی پریشانی کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈ صرف چاول یا اشیائے ضروریہ کے ہی استعمال نہیں ہوتا۔

کارڈ سے غریب طلبہ کو اسکالرشپ اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی بھی سہولت فراہم ہوتی ہے راشن کارڈ جاری نہ کرنے سے غریب عوام ان سہولیات سے محروم ہورہے ہیں یونس ندیم نے بتایا کہ دو مہینے کا راشن نہ لینے پر بھی سینکڑوں راشن کارڈ منسوخ کردیئے گئے۔منسوخ شدہ کارڈ کو بحال کیا جائے۔

اس سلسلہ میں قائد مجلس مقننہ پارٹی جناب اکبر الدین اویسی نے اسمبلی میں متعدد مرتبہ حکومت کی توجہ دہانی کروائی تھی یونس ندیم نے کہا کہ ضلع جگتیال کے ملاپور منڈل حسین نگر میں راشن شاپ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے غریب عوام کو کئی کلومیٹر دور دوسرے گاوں میں راشن حاصل کرنا پڑ رہا ہے وہاں کے غریب عوام مزدور پیشہ افراد ہیں اور خواتین کو راشن حاصل کرنے کے لئے دوسرے گاوں جانا پڑ رہا ہے

جس پر ڈسٹرکٹ سیول سپلائز آفیسر چندن کمار نے مجلسی وفد کو بتایا کہ فی الحال ضلع بھر میں 10 ہزار سے زائد درخواستیں زیر التواء ہیں ان تمام درخواستوں کی یکسوئی کی حکومت نے ہدایت دی ہے تاحال نئے راشن کارڈ کے درخواستیں قبول کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے ہیں

انہوں نے کہا کہ زیر التواء درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد تمام اہل افراد کو نئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔انھوں نے ضلع جگتیال کے ملاپور منڈل کے حسین نگر موضع کے لئے نئے راشن ڈیلر کا تقرر کرنے کا تیقن دیا۔وفد میں مجلس کے کونسلر رضی الدین، مجلس کے قائدین سمیر الدین آزاد، نعمان، شاہنواز اور دوسرے موجود تھے