کرایہ پر حاصل کردہ کاروںکو دھوکہ دہی کے ذریعہ فروخت کرنے کاروبار میں ملوث
حیدرآباد۔15جون
(زین نیوز)
تلنگانہ رامچندر پورم پولیس نے پوسٹ گریجویٹس اور گریجویٹس پر مشتمل 6رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا کو مختلف ٹراویل ایجنسیوں سے کا روں کو کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے ان گاڑیوں کو دوسرے افراد کو فروخت کردیا کرتے تھے۔۔پولیس نے انکے قبضہ سے 50 کاروں کو بھی بر آمد کرلیا ہے۔
اس بات کا انکشاف کمشنر پولیس سائبر آباد۔ وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انھوں نے بتایا کہ ٹولی کا اصل سرغنہ ملزم نمبر ایک 36 سالہ پلّے نریش کمار ساکن ایس این کالونی رامچندر پورم ضلع رنگا ریڈی ہے جس نے ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ابتدا میں چیوڑلہ میں واقع ایک خانگی کمپنی میں بہ حیثیت منیجر ملازمت انجام دینے کے دوران اچانک اپنی روش بدلتے ہوئے مختلف ٹراویل ایجنسیوں سے کاروں کو کرایہ پر حاصل کرنے لگا
جہاں وہ ابتداءمیں ان گاڑیوں کے مالکین کو 3 ماہ تک دیانتداری کے ساتھ کرایہ ادا کرتا رہا اور پھر اچانک کرایہ پر حاصل کردہ کاروں کو دوسرے افراد کو یہ کہہ کر فروخت کردیا کرتا کہ یہ کاریں بینک سے حاصل کردہ لون کی عدم ادائیگی کے باعث ضبط کرلی گئی ہیں جسے ہراج میں حاصل کیا گیا ہے۔
اس طرح اس نے دیگر 5 ساتھیوں بی راجو نائک‘کے وکاس‘جی بھرت‘بی ایکشن ریڈی‘ اور ٹی نرسمہا کے ساتھ جو تمام کے گریجویٹس ہیں باضابطہ ٹولی تیار کرتے ہوئے انھیں دھوکہ دہی کے کاروبار میں ملوث کردیا۔اور قلیل مدت میں زیادہ رقم کماتے ہوئے خود بھی ایک ٹراویل ایجنسی کا مالک بننا چاہتا تھا۔
لیکن کاروں کے مالیکن کی شکایت کی روشنی میں پولیس رامچندر پورم نے ملزم نمبر ایک نریش کمار کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کی اور اسکی نشاندہی پر دیگر تمام ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا اور انکے قبضہ سے ہمہ اقسام کی 50 کاریں برآمد کرلیں۔کمشنر پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی پتہ چلا کہ یہ ٹولی سابق میں شہر کے ٹپہ چبوترہ اور وقار آباد ‘شادنگر میں اسی طرح کی وارداتوں میں ملوث پائی گئی۔کمشنر پولیس نے مسروقہ کاروں کو میڈیا کے روبرو پیش کیا۔