مہاراشٹر : آئی ٹی کے دھاوئے 390 کروڑ روپے کےبے نامی اثاثے ضبط

تازہ خبر قومی
 32 کلو سونے کے زیورات، 16 کروڑ روپے کے ہیرے اور موتی برآمد 
جالنہ: 11؍اگسٹ
(زیڈ این ایم ایس)
مہاراشٹر کے جالنہ میں محکمہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) نے 5 کاروباری گروپوں کے مقامات سے تقریباً 390 کروڑ روپے کے بے نامی اثاثے ضبط کیے ہیں۔ چھاپے میں ان سے 58 کروڑ روپے نقد، 32 کلو سونے کے زیورات، 16 کروڑ روپے کے ہیرے اور موتی برآمد ہوئے۔ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو نقدی گننے میں تقریباً 13 گھنٹے لگے۔ کچھ ملازمین نقدی گنتے ہوئے بیمار ہو گئے۔
محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے مطابق یہ کارروائی یکم سے 7 اگست تک ایس آر جے اسٹیل، کالیکا اسٹیل، ایک کوآپریٹیو بینک، فائنانسر ومل راج بورا، ڈیلر پردیپ بورا کی فیکٹری، مکان اور دفاتر پر کی گئی۔ چھاپے میں محکمہ انکم ٹیکس کے 260 افسران اور ملازمین شامل تھے جو 120 سے زائد گاڑیوں میں آئے تھے۔ پانچ مختلف ٹیموں نے بیک وقت یہ آپریشن کیا۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ٹیکس چوری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم کو ابتدائی تحقیقات میں کچھ نہیں ملا۔ بعد ازاں جلانہ سے 10 کلومیٹر دور ایک تاجر کے فارم ہاؤس پر بھی کارروائی کی گئی۔ یہاں ایک الماری کے نیچے، بستر کے اندر اور دوسری الماری میں تھیلوں میں رکھے نوٹوں کے بنڈل ملے۔
نوٹوں کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی مقامی برانچ میں لے جا کر شمار کیا گیا۔ انہیں گننے میں 10 سے 12 مشینیں لگیں۔ 35 کپڑوں کے تھیلوں میں نوٹوں کے بنڈل رکھے گئے تھے۔
آئی ٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ 3 اگست کی دوپہر کو کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے گئے اور یہ چھاپہ 4-5 دن تک جاری رہا۔ متعلقہ مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جالنہ میں دو اسٹیل کمپنیوں بشمول کوآپریٹو بینک اور باہر ڈیلروں کے گھروں، دفاتر اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے چھاپے کو انتہائی خفیہ رکھا۔ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ اس کے لیے ٹیم نے اپنی گاڑیوں پر دلہا اور دلہن کے نام کے اسٹیکر چسپاں کیے تھے، تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ گاڑیاں کسی شادی میں جا رہی ہیں۔ اس آپریشن کے دوران سبھی کوڈ ورڈ ‘دلہن ہم لے جائیں گے’ میں بات کر رہے تھے۔
ڈیلر پردیپ بورا پر آج بھی چھاپہ ماری جاری تھی۔ ان کمپنیوں سے جڑے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔جو رقم ضبط کی گئی ہے وہ ایک مقامی ساہوکار کے گھر سے ملی ہے۔ یہ اطلاع چھاپے کے دوران ملی۔ یہ سارا آپریشن انتہائی پرسکون انداز میں کیا گیا۔ چھاپے کے 3 دن تک مقامی پولیس کو بھی اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ 3 دن کے چھاپوں کے بعد مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی اور ان کی مدد لی گئی۔
اس چھاپے میں جو نقدی ملی ہے اسے اسٹیٹ بینک آف جالنہ لے جاکر گنتی کی گئی ہے۔ نقدی کی گنتی صبح 11 بجے شروع ہوئی جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ محکمہ انکم ٹیکس کو اطلاع ملی تھی کہ جالنہ کی 4 اسٹیل کمپنیوں کے رویے میں بے ضابطگی ہے۔ اس کے بعد محکمہ حرکت میں آیا اور چھاپہ مارا۔ اس چھاپے میں گھر سے کچھ نہیں ملا، لیکن شہر کے باہر ایک فارم ہاؤس سے نقدی برآمد ہوئی۔