کرناٹک کے کوپل میں فرقہ وارانہ تصادم میں 2 ہلاک، 6 زخمی؛ دفعہ 144 نافذ

تازہ خبر قومی
بنگلورو: 11؍اگسٹ
(زیڈ این ایم ایس)
کرناٹک کے کوپل ضلع کے ہو لی حیدر گاؤں میں فرقہ وارانہ تصادم میں دو افراد ہلاک ہو گئے اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ نے علاقہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ جھڑپ دو افراد کے درمیان کسی معمولی بات پر لڑائی کے بعد شروع ہوئی۔ مہلوکین کی شناخت 60 سالہ ینکاپا تلوار اور 22 سالہ باشاولی کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک اور شخص شدید زخمی ہے اور ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہے
 کوپل کے سب ڈویژنل افسر نے 20 اگست تک گاؤں میں اور اس کے ارد گرد دو کلومیٹر کے علاقہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ کوپل کے ایس پی ارونانگشو گری نے گاؤں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس پی نے کہا، "ہولی حیدر گاؤں کی جھڑپوں میں دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور دوسرا شدید طور پر زخمی ہے۔

گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ باشاولی گاؤں میں ایک دکان پر گئے تھے جہاں لفظی جنگ شروع ہو گئی جس سے جھڑپیں ہوئیں”۔ ایس پی گری نے مزید کہا کہ گاؤں میں 8 پولیس افسران، ایک کے ایس آر پی پلاٹون کو احتیاطی اقدام کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ گاؤں میں فرقہ وارانہ تصادم کے بعد اسکولی بچوں کو گھر بھیج دیا گیا۔ شرپسندوں نے گھروں کے سامنے کھڑی کئی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ایک ہندو لڑکا مسلمان لڑکی سے محبت کرتا تھا۔محرم کے ایک پروگرام کے دوران لڑکا لڑکی سے ملنے گیا جس کے بعد دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔جلد ہی، دونوں برادریوں کے دوسرے لوگ بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے۔ تھوڑی دیر بحث کے بعد ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔جس سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے دو، پاشا والی (22) اور ینکاپا تلاواد (60) ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کر لیا ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔