قومی سطح پر تہذیب وتمدن میں اضافہ اور نئی روشنی پیدا ہوسکے: صباحسیب صدیقی
دیوبند،25؍ اگست
(رضوان سلمانی)
صدیوں سے اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے،قائم رکھنے اور بھائی چارہ قائم رکھنے میں اردو زبان کا بڑا اہم رول رہا ہے۔اسلئے خصوصی طور پر مسلمان اور عمومی طور سے سبھی والدین اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم ضرور دلائیں تاکہ قومی سطح پر تہذیب وتمدن میں اضافہ اور نئی روشنی پیدا ہوسکے۔
ان خیالات کا اظہار پبلک گرلز انٹرکالج دیوبند کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے پریس کو جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے بچوں کے والدین سے اپیل کی وہ پابندی کے ساتھ اردو اخبارات کا مطالعہ کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس کا پابند بنائیں۔انہوں نے کہا اردو زبان دنیا کی سب سے شیریں اور لطیف زبان ہے جس کی چاشنی اس زبان سے انجان شخص کو بھی مسحور کردیتی ہے اور اپنا گرویدہ بنالیتی ہے۔
صبا حسیب صدیقی نے کہا کہ پوری دنیا بالخصوص اپنے ملک میں جو حالات ہیں اس کو دیکھتے ہوئے اپنی مادری زبان سے واقفیت انتہائی ضروری ہے۔کیونکہ اردو زبان صرف اور صرف ہماری مادری زبان ہی نہیں بلکہ ہماری تہذیب اور ثقافت بھی ہے اسلئے اس زبان کو زندہ رکھنا فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہر ایک ماں باپ پر لازم ہے کہ وہ بول چال میں اردو زبان کا استعمال کریں اور روز مرہ استعمال میں آنے والے اردو کے ثقیل الفاظ کے معنی ومفہوم سے بھی بچوں کو روشناس کرائیں۔
صبا حسیب نے کہا کہ ہر ایک گھر میں اردو اخبار،اردو کے رسائل ومیگزین بچوں کی دلچسپی والی اردو کہانیوں کے رسائل کی فراہمی کو اہمیت دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس آسان طریقۂ کار کو اپناکر ہم اردو کے فروغ کا ذریعہ بننے کے ساتھ ساتھ بچوں میں اعلی تہذیب وتمدن کو زندہ رکھنے اور نئی نسل میں منتقل کرنے کی راہیں ہموار کرسکتے ہیں۔صبا حسیب نے کہا کہ اردو کا مستقبل تابناک ہے اس میں مزید تابناکی لانے کے لئے توجہ کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنی قومی زبان ہندی کے ساتھ اردو کے فروغ کی بھی کوشش کرنی چاہئے تاکہ ہم اور ہماری نئی نسل اردو کی شیرینی اور لطافت کی خوشبو چہار سو بکھیر سکیں۔
