پروفیسروں کو دھوکہ دینے کے لیے فرضی پیغامات۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج
علی گڑھ: ۔8؍اکتوبر
(زیڈ این ایم ایس)
علی گڑھ میں دھوکہ دہی کے معاملے بڑھتے جارہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تصویرجعلی نمبر کے واٹس ایپ ڈی پی پر ڈال کر دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ملزم یونیورسٹی کے وی سی کا فوٹوا سٹیٹس لگا کر اے ایم یو کے پروفیسروں کو میسج کرتے تھے اور رقم کا مطالبہ کیا جاتا تھا۔ اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پراکٹر آفس کے سیکوریٹی انسپکٹر چاہت علی نے پولیس اسٹیشن سول لائنز میں شکایت کی ہے، جس میں شکایت کی گئی ہے کہ موبائل نمبر کے واٹس ایپ پر اے ایم یو کے وی سی پروفیسر طارق منصور کی تصویر اور نام کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اے ایم یو کے پروفیسروں کو دھوکہ دینے کے لیے فرضی پیغامات بھیجے جا رہے تھے۔
سول لائن اسٹیشن انچارج پرویش رانا نے میڈیا کو بتایا کہ سیکوریٹی انسپکٹر چاہت علی کی تحریر پر موبائل نمبر 6353624714 رکھنے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سائبر سیل اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور ٹروکالر Truecaller پر ایک اور نام ظاہر ہو رہا ہے۔اس معاملے میں جب Truecaller پر موبائل نمبر 6353624714 دیکھا گیا تو وہاں کلپیش بگھیل کا نام نظر آیا۔ پولیس ابھی بھی اس شخص کی تفتیش اور تلاش کر رہی ہے جس نے اے ایم یو وی سی کی تصویر اور نام کا غلط استعمال کیا۔
