جمعیۃ علماء مظفرنگر کی میٹنگ سے مولانا حکیم الدین قاسمی کا خطاب
دیوبند:۔ 8؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی) جمعیۃ علماء ہند ضلع مظفرنگر کی میٹنگ مسجد عمر خاں کھالہ پار میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر مفتی بن یامین نے کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جمعیۃ علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی موجود رہے۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے چلائے جارہے ’’سدبھائونا سنسد ‘‘ پر غور وخوض کیا گیا ۔
اس دوران مہمان خصوصی مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پورے ملک میں جمعیۃ علماء ہند نے ایک ہزار سدبھائونا سنسد کرنے کا جو عہد کیا ہے اس کے تحت پورے ملک میں سدبھائونا کے پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلہ میں 29اکتوبر کو دہلی اور دیگر شہروں میں سدبھائونا سمیلن منعقد کئے جائیں گے جو ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو باقی رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ملک کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کوآزاد کرانے کے بعد سے برابر ملک کی ترقی ، خوشحالی اور آپسی پیار ومحبت کو قائم کرنے کے لئے میدان عمل ہے۔ ملک کے عوام میں آپسی پیار ومحبت اور بھائی چارہ قائم رکھنا ہی ہمارا مقصد ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس ملک کو آپسی پیار ومحبت سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔
جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری قاری ذاکر حسین نے کہا کہ نومبر ماہ میں جمعیۃ علماء ہند قومی کانفرنس کرنے جارہی ہے ، اس کا انعقاد دہلی میں ہوگا۔ آج کی میٹنگ میں اس کی تیاریوں پر بھی غور وخوض کیاگیا ، انہوںنے بتایاکہ ضلع مظفرنگر سے اس کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے 200بسیں جائیں گی۔
انہو ںنے نوجوانو ںکو تعلیمی سطح کو بڑھاوا دینے کے لئے دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم ضروری ہے، ساتھ ہی انہوںنے نوجوانو ںکو نشہ کی بری عادت سے بچنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نشہ کی عادت چھڑوانا ہوگا اور انہیں روزگار سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے۔ جمعیۃ علماء ہند اس پر برابر کام کررہی ہے اور علماء کو اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مولانااحمد عبداللہ، مولانا معاذ حسن، مولانا عاقل، مولانا اقبال، مولانا جمیل احمد، مولانا ارشد ، مولانا حامد، حافظ گلشیر، مفتی اقبال، ڈاکٹر جمال الدین، حافظ فرقان، قاری صادق، قاری عبدالماجد، حافظ اکرام، قاری عادل، حاجی وسیم عالم، مولانا گلزار، مولانا اسجد، مفتی عبدالصمد، قاری نوشاد، مولانا اسرار، مفتی فاضل، مولاناکلیم، مولانا حسین،قاری جعفر،مہتاب، مولانا مبشر، حاجی شاداب،ماشاء اللہ ایڈوکیٹ ، حاجی گلزار، مولانا زاہد، موسیٰ قاسمی وغیرہ موجود رہے۔