ٹی آر ایس حکومت نئی اختراعات کی حامی:کے۔کویتا

بین الریاستی تازہ خبر

سمنٹ پائپ میں کم لاگتی مکانات تیار کرنے والی مانسا ریڈی کو رکن کونسل کی مبارکباد
حیدرآباد: 12؍اپریل
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے اختراعی تکنیک سے سمنٹ پائپ میں مائکرو ہومس کا نمونہ تیار کرنے والی سیول انجینئر مانسا ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے مکانات کی تعمیر کیلئے جدید طریقہ کار سے واقف کروایا جس کی رکن کونسل نے بھرپور ستائش کی۔

مانسا ریڈی نے رکن کونسل کو اس کم لاگتی مکان کے تعلق سے تفصیلات پیش کی اور اس کے فوائد سے واقف کرایا۔ مانسا ریڈی جو کریم نگر کے ضلع بومکال گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں نے اپنی ابتدائی تعلیم تلنگانہ گروکل سوشیل ویلفیر اسکول میں حاصل کی۔ سویل انجینئرنگ میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد مانسا نے آب و ہوا کے مطابق مختلف ممالک میں تعمیر کئے جانے والے مکانات کا مطالعہ کیا اور اس مطالعہ کی بنیاد پر مقامی آب و ہوا کے حساب سے کم لاگت والے مائکرو ہومس کے ڈیزائنس تیار کئے۔

مانسا نے اس نوعیت کے جملہ 12 ڈیزائنس تیار کئے۔ انہوں نے ان مکانات کو او پوڈ کا نام دیا۔ یہ او پاڈس ایک بیڈروم، ہال، کچن، واش روم اور بالکونی پر مشتمل ہے اور ان مکانات میں برقی، پانی اور بجلی کی سہولت بھی موجود ہے اور اس کی کل لاگت 3.5 تا 5.5 لاکھ روپئے آتی ہے۔
مانسا نے کہا کہ ان کے پاس دو اور تین بیڈرومس کے ڈیزائنس بھی موجود ہے۔ اس موقع پر رکن کونسل کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ نئی اختراعات کو فروغ دینے کی قائل رہی ہے اسٹارٹ اپس کیلئے کئی ایک اسکیمات متعارف کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ مانسا ریڈی مستقبل میں بھی اپنی نئی اختراعات کے ذریعہ ریاست کا نام مزید روشن کریں گی۔