حیدرآباد 5:؍ ستمبر
(زین نیوز؍ایجنسیز)
ہنمکنڈہ پولیس نے ہفتہ کے روز اچالا چٹ فنڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایجنٹ جوڑے کو گرفتار کرلیا پولیس نے سیل فون کی دکان کے مالک کو جمعہ کو آگ لگا کر قتل کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں جی گنیش اور اسکی بیوی جی کاویا کو گرفتار کرلیا۔ ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ ریاست کے ہنمکنڈہ میں موبائل فون کی دکان کا مالک پی راجو نے اچھلا چٹ فنڈ پرائیویٹ لمیٹڈ میں 5 لاکھ روپئے کی چٹ جمع کی تھی اور نیلامی کے دوران چٹ کی رقم راجو نےاٹھالی تھی ۔

لیکن چٹ فنڈ کمپنی کے انتظامیہ نے کئی درخواستوں کے باوجود راجو کو رقم کی ادائیگی نہیں کی۔ اعتماد دلانے کے لئے چٹ فنڈ کمپنی کی جانب سے متاثرہ شخص کو تین چیک جاری کیے گئے تھے۔ لیکن دو چیک باؤنس ہونے کی وجہ سے وہ رقم حاصل نہیں کرسکا۔
اس دوران راجو چٹ فنڈ کمپنی کے ایجنٹ جی گنیش سے مسلسل رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ جس کی وجہہ سے جی گنیش اور جی کاویہ جوڑے نے راجو کے قتل کا منصوبہ بناتے ہوئے جمعہ کے روز راجو کی دکان پر پہنچے اور پٹرول چھڑک کر راجو کو آگ لگا دی ۔
جس کے نتیجہ میں شدید جھلس گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرتے ہوئے جی گنیش اور اسکی بیوی جی کاویہ کو حراست میں لیتے ہوئے کاروائی کا اغاز کردیا۔