کامیابی وقت کے قدردانوں کے قدم چومتی ہے

بین الریاستی تازہ خبر

آخرت کی کامیابی ہی اصل کامیابی ہے: مفتی افسر علی نعیمی ندوی
بیدر ۔ 2؍ جنوری عبدالصمد منجووالا

مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے تاریخی مسجد موقوعہ مقابر سلاطین بہمنیہ اشٹور میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر زندہ قوم اپنے سال و تاریخ کو یاد رکھتی ہے ۔ حضرت عمرؓ کے زمانہ خلافت میں اسلامی سال کا آغاز ہجرت کے واقعہ سے متعین کیا گیا جو آج تک جاری ہے۔ اسلام میں نئے سال پر جشن منانے کی ترغیب نہیں دی گئی ہے۔ نئے سال پر جشن منانا یہ عیسائیوں کی ایجاد کردہ ہے ۔ فرمان خدا ہے کہ’’ اے ایمان والو! تم یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بناؤ یہ تو آپس میں ہی ایک دوسرے کے دوست ہیں ۔ تم میں سے جو بھی ان میں سے کسی سے دوستی کرے تو بے شک وہ انہیں میں سے ہے ، یقیناً اللہ تعالیٰ ظالموں کو ہدایت نہیں دیتا ہے۔‘‘یہ وقت زندگی کا محاسبہ کرنے کا ہے ۔ گذشتہ سال جو کمی کوتاہی ہو گئی اس کی تلافی کریں اور یہ عزم مصمم کریں کہ اس سال ہم ہر اس کام سے دور رہیں گے جس سے اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے ۔ ایسے کام کریں گے جس سے وہ خوش ہوتا ہے اور ہماری آخرت سنور جائے۔ نہ جانے موت کا فرشتہ کب پیغام اجل لے کر آجائے۔ارشاد خدا وندی ہے کہ’’ اے ایمان والو! تم اللہ سے ڈرتے رہو اور ہر شخص کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ اس نے کل کے لیے کیا بھیجا ہے ۔ اور تم اللہ سے ڈرتے رہو بیشک اللہ تعالیٰ ان کاموں سے با خبر ہے جو تم کرتے ہو اور ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤجو اللہ کو بھلا بیٹھے پھر اللہ نے ان کی جانوں کو ہی ان سے بھلا دیا وہی لوگ نافرمان ہے۔‘‘حضرت محمد ﷺ کا ارشاد ہے کہ پانچ کو پانچ سے پہلے غنیمت سمجھو ، بڑھاپہ سے پہلے جوانی کو ، بیماری سے پہلے تندرستی کو ، ، فقر سے پہلے مالداری کو ، مشغولیت سے پہلے فراغت کو اور موت سے پہلے زندگی کو۔ آخرت کی کامیابی ہی حقیقی کامیابی ہے ۔اپنا محاسبہ ہر روز کرتے رہنا چاہیے۔موت کسی بھی وقت اچانک آنے والی ہے۔ نئے سال کی مناسبت سے یہ عزم کریں کہ گذشتہ سال 2020 ئ؁ کا احتساب کر کے سال رواں 2021ئ؁ کے ایک ایک لمحہ کو صحیح استعمال کریں گے ۔ اس کا صحیح استعمال ہی ہمیں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کرے گا۔