کرناٹک کے ہبلی میں سوشل میڈیا پر متنازعہ پوسٹ کے بعد تشدد

تازہ خبر قومی

ہبلی شہر میں  144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ۔ 40 گرفتار۔

بنگلورو: 17؍اپریل
(اے ایم این ایس)
اتوار کو کرناٹک کے پرانے ہبلی قصبے میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مبینہ طور پر ہنگامہ کیا۔ انہوں نے پولیس کی گاڑیوں، قریبی اسپتال اور ایک مذہبی مقام کو نقصان پہنچایا اور کچھ پولیس افسران کو زخمی کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ہبلی شہر میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ پولیس افسران نے بتایا کہ بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو ہلکے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔ اس وقت شہر میں امتناعی احکامات نافذ ہیں۔

ہبلی دھارواڑ پولس کمشنر لبو رام نے نامہ نگاروں کو بتایا، ”تقریباً 40 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور "تشدد میں ملوث افراد کے خلاف چھ مقدمات درج کیے گئے ہیں اور حالات اب قابو میں ہیں۔ ہجوم نے پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔۔ ڈیوٹی پر موجود ہمارے 12 اہلکار زخمی ہوئےہیں۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

پولیس کمشنر لابھ رام نے بتایا کہ ’’ایک شخص نے سوشل میڈیا پر مسلم کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک قابل اعتراض پوسٹ شیئر کی تھی، جس پر دوسرے لوگوں نے اعتراض کیا اور پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد مقدمہ درج کر کے اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی سے مطمئن نہ ہونے پر کچھ لوگ تھانہ کے گرد جمع ہونا شروع ہو گئے۔ اسے سمجھایا اور بعد میں وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

افسر نے بتایا کہ کل رات ایک بار پھر بڑی تعداد میں لوگ پولیس اسٹیشن کے ارد گرد جمع ہونے لگے۔ اس پر ان لوگوں کے لیڈروں کو تھانے بلایا گیا اور انہیں اس وقت تک کی گئی کارروائی سے آگاہ کیا گیا۔

پولیس کمشنر کے مطابق تھانے کے باہر موجود بھیڑ ان کی بات سننے کو تیار نہیں تھی اور وہ مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہجوم نے پتھراؤ کرکے پولیس کی کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ نئے بنائے گئے وجئے نگر ضلع کے ضلع ہیڈکوارٹر قصبے ہوسپیٹ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ریاست کے وزیر داخلہ اراگا گیانندرا نے کہا کہ اس واقعہ میں اولڈ سٹی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سمیت کچھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ گیانیندر نے کہا، “پولیس افسر کی حالت نازک ہے۔ حملے میں ملوث کچھ لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔