اسلام آباد 20 :مارچ 2021
ویب ڈیسک
وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد عمران خان نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔

عمرا ن خان گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے، اور انہیں گلے میں خراش محسوس ہوئی، جب کہ وہ گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں کھانستے رہے، وزیراعظم نے طبیعت میں بہتری محسوس نہ کرنے پر کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آگیا۔
تاہم عمران خان نے تمام سیاسی سرگرمیاں ترک کردیں اور وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالہ منتقل ہوگئے۔معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے تصدیق کرتے ہوئے کہا عمران خان اپنی رہائش گاہ پرقرنطینہ

میں ہیں، اللہ کا شکر ہے وزیراعظم کی کورونا علامات شدید نہیں ، ان کو بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے۔
یاد رہے دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوائی تھی ، اور اپیل کی تھی کہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس اوپیزپرمکمل عمل یقینی بنایا جائے۔
پاکستان میں کورونا تیزی سے بڑھنے لگا ہے اور کورونامثبت آنے کی شرح نواعشاریہ چار چھ فیصد ہوگئی، چوبیس گھنٹوں میں تین ہزارآٹھ سوچھہترکیس رپورٹ اوربیالیس اموات ہوئیں
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے جس کی روک تھام کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے، ابتدائی مراحل میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔