کیرلاانڈین یونین مسلم لیگ کے صدر امام ہند سید حیدر علی شہاب تھنگل کا سانحہ ارتحال

تازہ خبر قومی

چنئی:6؍مارچ
(پریس ریلیز)
۔ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے صدر اور کیرلا کے ایک سینئر اور معروف مسلم مذہبی رہنما امام ہند سید حیدر علی شہاب تھنگل اتوار کو انتقال کرگئے، ان کی عمر 74برس کی تھی۔ ان کو 22فروری کو ذیابطیس اور نمونیا کی وجہ سے ایرناکلم ضلع کے انگمالی کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اسپتال میں علاج کے دوران 12.40بجے انہوں نے آخری سانس لی۔ سید محمد علی شہاب تھنگل (ان کے بڑے بھائی)کے جانشین کے طور پر سید حیدر علی شہاب تھنگل نے یکم اگست 2009سے اپنی زندگی کے آخری ایام تک انڈین یونین مسلم لیگ کے کیرلا ریاستی صدر کے طور پر پارٹی کی قیادت کی۔ انہوں نے کیرلا میں سنی مسلم تنظیموں سے ایک سمستھا کیرلا جمعیت العلماء کے نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ کانگریس کے یو ڈی ایف میں بھی نمایاں رہنما تھے، وہ ملاپورم میں پنکاڈ تھنگل خاندان کے سب سے بڑے رکن تھے۔

سید حید رعلی شہاب تھنگل 15جون 1947کو ملاپورم میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1959میں کوژی کوڈ ایم ایم ہائی اسکول سے ایس ایس ایل سی مکمل کیا،بعد میں مالابار کے مختلف مراکز سے مذہبی تعلیم حاصل کی۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے امام ہند سید حید ر علی شہاب تھنگل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال انڈین یونین مسلم لیگ اور ریاست کیرلا کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

کیرلا وزیر اعلی پنارائی وجین نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سید حید ر علی شہاب تھنگل کیرلا کی سیاست کا اعتدال پسند چہر ہ تھے،” ان کا نقطہ نظر ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے”۔کیرلا کانگریس اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستھیسن نے کہا کہ "حید رعلی تھنگل نے کیرلا کی سیکولر فطرت کے تحفظ کیلئے کام کیا "۔

ریاستی وزراء شنکوٹی اور ایس چیرین نے ان کی موت پر غم کا اظہار کیا۔امام ہند سید حید ر علی شہاب تھنگل ہمیشہ لوگوں کو نصیحت کرتے تھے کہ وہ دوسرے کے مذاہب کا احترام کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ان کے فیصلے کو انڈین یونین مسلم لیگ میں آخری لفظ سمجھا جاتا تھا اور یہاں تک کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی ان کے فیصلوں کا احترام کرتے تھے

۔انڈین یونین مسلم لیگ کیرلا ریاستی صدر امام ہند سید حید رعلی شہاب تھنگل کے انتقال پر کانگریس لیڈران سونیا گاندھی، راہل گاندھی، غلام بنی آزاد، آر جے ڈی رہنما لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو، کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، پی ڈی پی رہنما و سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی، سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما ملائم سنگھ یادو، سابق وزیر اعلی اتر پردیش اکھلیش یادو، این سی پی رہنما شرد پوار، مغربی بنگال وزیر اعلی ممتا بنرجی،،

مہاراشٹرا وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے، ٹی ڈی پی لیڈر چندرا بابو نائیڈو، تلنگانہ وزیر اعلی چندرا شیکھر راؤ،تمل ناڈو وزیر اعلی ایم کے اسٹالن،دہلی وزیر اعلی اروند کجریوال، ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی، ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی، ایس ڈی پی آئی کیرلا ریاستی صدر اشرف مولوی،کرناٹک سینئر لیڈر سی ایم ابراہیم، تمل ناڈو لیڈران راما داس، وائی گوپال سوامی، تروماولون، ایم ایچ جواہرا للہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔