ہمدردی،بھائی چارہ اور جذبہ خدمت خلق انسانوں کی اہم خصلتیں۔وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی

بین الریاستی تازہ خبر

حیدرآباد۔16/فروری
نمائندہ خصوصی
ہمدردی،بھائی چارہ اور جذبہ خدمت انسانوں کی اہم خصلتیں ہیں،جس کی وجہ سے انسان، حیوانات سے برتر ہوتا ہے۔اگر انسانوں سے یہ چیزیں نکل جائیں تو پھر انسانوں اور حیوانات میں کو ئی فرق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے تلنگانہ بھون میں منعقدہ کے سی آر سیوا منڈلی کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیااور کہا کہ تلنگانہ حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہے۔اور ان کی ترقی لے لیے منفرد اسکیمات عمل میں لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام تلنگانہ کے بعد سے ریاست اپنی منفرد اسکیمات کی وجہ سے ملک بھر میں الگ شناخت بنا چکی ہے۔ تلنگانہ حکومت پچھلے چھ سالوں سے مسلسل ترقی کی طرف گامزن ہے۔ملک کے کسان پریشان حال ہیں مگر تلنگانہ کے کسان خوش حال ہیں کیونکہ چیف منسٹر مسٹر کےچندرا شیکھر راو نے کسانوں کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھ کر ان کی بھلائی کے لیے رعیتو بندھو ،رعیتو بیمہ، مفت میعاری برقی اورآبپاشی جیسے انوکھے اسکیمات کو روبہ عمل لایاجس سے کسانوں کو مالی فائدہ حاصل ہورہا ہے۔قیام تلنگانہ سے قبل ہمارے کسان بھی پریشان حال تھےمگر آج کےکسان کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے پانچ روپئیوں میں کھانا کی فراہمی ایک مثالی اسکیم ہے جس سے روزانہ لاکھوں غریب اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔پنشنوں کی رقم میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے۔وزیر داخلہ نے ریاست کے لا اینڈ آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر نیکسلزم کا پوری طرح سے خاتمہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا گیا ہے اور ملک بھرکے ستر فیصد کیمرے حیدرآباد میں نصب کئے گئے ہیں۔ملک بھر میں پہلی مرتبہ حیدرآباد میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی تعمیر کی جارہی ہے جس کے استعمال سے متعدد محکمہ جات استفادہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک کی دیگر ریاستوں کے لیے ایک رول ماڈل کی شکل اختیار کرچکی ہے، ان سب کا سہرہ انہوں نے کے سی ار کے سر باندھا ہے۔وزیر داخلہ نے کے سی آر کو قدرت کا ایک انمول تحفہ قرار دیا ہے۔ان کے جنم دن کے موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تلنگانہ کے تمام لوگ اپنی طرف سے ایک ایک پودا لگائیں تاکہ تلنگانہ میں چاروں طرف ہریالی ہی ہریالی نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری ہماری زندگی کے لیے کافی اہم ہے۔اس سے سماج میں پاک صاف ماحول پروان چڑھتا ہے اور عوام بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں، درختوں سے ہی بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے۔وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے کہا کہ 17 فروری کو کم از کم ریاست بھر میں ایک کروڑ پودے لگاے جانا چاہئیے۔اس موقع پر معذورین میں کرسیاں، اسٹانڈس اور واکنگ اسٹکس تقسیم کئے گئے۔ اس اجلاس میں رکن قانون ساز کونسل مادی ریڈی سرینیواس ریڈی، ڈاکٹر واسو دیو ریڈی،سابق سیٹ وین چیرمن میرعنایت علی باقری، جنجی رالا راکیش، کرشنا موہن ریڈی، اشیش چوہان،ہری چرن کے علاوہ دیگر شریک تھے۔