لوگوں کو اپنے جال میں پھنساکر وصولتے تھے رقم
دیوبند، 22؍ ستمبر
(رضوان سلمانی) سہارنپور ضلع میں تھانہ جنک پوری پولیس نے ایک ایسے جوڑے کو گرفتار کیا ہے جو لوگوں کو ہنی ٹریپ میں پھنساکر بلیک میل کرکے رقم وصولتا تھا ، دونوں کئی لوگوں کو اپنا نشانہ بناکر لاکھوں روپے وصول چکے ہیں۔
پولیس لائن میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سٹی راجیش کمار نے بتایا کہ محلہ کشن پورہ کے رہنے والے مکیش نے تھانہ جنک پوری میں رپورٹ درج کرکے بتایا تھا کہ امریک ساکن گوپال نگر شہر کوتوالی میں اس سے 50ہزار روپے قرض لیا تھا ، اس نے جب امریک سے اپنی رقم واپس مانگی تو امریک نے اسے اپنے گھر بلایا ،
جہاں پر امریک کی بیوی دیپا نے مکیش کے ساتھ فحش حرکتیں شروع کردیں اور اسی وقت مکیش نے اپنے موبائل سے ویڈیو بنالی۔ جس کے بعد امریک نے مکیش کو بلیک میل کرنا شروع کردیا اور اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے بھی وصول لئے۔ مقدمہ قائم ہونے کے بعد میاں بیوی فرار ہوگئے اور دہرہ دون میں چھپ کر رہنے والے ، گزشتہ کل پولیس نے دونوں کو دہرہ دون سے گرفتار کرلیا۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی نے کئی لوگوں کو ہنی ٹریپ میں پھنساکر غیرقانونی طریقہ سے رقم وصول کرچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس مزید پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ دوسری جانب بے زبان لڑکی کے ساتھ عصمت دری کے ملزمان کو پولیس نے ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی گرفتار نہیں کیا ہے، متأثر کے اہل خانہ کے ساتھ بھارتیہ کسان مزدور تنظیم کے صدر پورن سنگھ کی قیادت میں کارکنان نے تھانہ کا گھیرائو کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
کارکنان کے ساتھ نعرے بازی کرتے ہوئے تھانہ پہنچے قومی صدر پورن سنگھ نے کہا کہ پولیس دبائو میں کام کررہی ہے ، یہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے سنگین جرم کے ملزمان کھلے عام گھوم رہے ہیں اس سے زیادہ شرم کی اور کیا بات ہوگی ۔
تھانہ انچارج پرویش کمار نے معاملہ میں چل رہی کارروائی کی تفصیل بتاکر متأثرہ کے 27ستمبر کو عدالت میں ایکسپرٹ کی موجودگی میں بیان درج کراکر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ پورن سنگھ نے ایک ہفتہ میں ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر تھانہ پر دھرنا دینے کا انتباہ دیا ۔
