مختلف مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم کو مکتوبات پیش
چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات
حیدرآباد:3؍ستمبر
(زین نیوز)
وزیراعلی جناب کے چندرشیکھر راؤ نے آج بروز جمعہ نئی دہلی میں وزیراعظم شری نریندر مودی سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ 50 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے ریاست تلنگانہ سے جڑے متعدد مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ نے بالخصوص 10 مختلف مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم کو مکتوبات پیش کیے
۔وزیراعلیٰ کی جانب سے وزیراعظم کو پیش کیے جانے والے مکتوبات کی تفصیلات درج ذیل ہے:
1. مرکز کی جانب سے آئی پی ایس کیڈر کا جائزہ۔ 2. ریاست میں انٹگریٹڈ ٹیکسٹائل پارک کا قیام۔ 3. حیدرآباد تا ناگپور انڈسٹریل کاریڈور کی ترقی۔ 4. نئے اضلاع میں ناودیا اسکولس کا قیام۔ 5. پی ایم گرامین سڑک یوجنا کے تحت اضافی فنڈز کی اجرائی۔ 6۔ ماؤنوازوں کے زیراثر علاقوں میں سڑکوں کا کام۔ 7. پی ایم سڑک یوجنا پروگرام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ 8. کریم نگر میں IIIT کا قیام۔ 9. حیدرآباد میں آئی آئی ایم کا قیام۔ 10. ریاست میں ٹرائبل یونیورسٹی کا قیام۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے دیگر ریاستوں کی طرز پر تلنگانہ حکومت کو بھی نئی دہلی میں اپنی سرکاری عمارت (تلنگانہ بھون) کی تعمیر کیلیے اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ساتھ ہی ساتھ وزیراعلی نے وزیراعظم کو یادادری مندر کے افتتاح کیلئے بھی مدعو کیا جس پر وزیراعظم نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔
یادادری مندر کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی دعوت:
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو یادادری مندر کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ "ریاستی حکومت کی جانب سے یادادری مندر کی تزئین و آرائش کے کاموں کو بڑے پیمانے پر انجام دیا جارہا ہے اور یہ کہ ماہ اکٹوبر یا نومبرمیں تجدید شدہ یادادری مندر کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔” وزیراعظم نے وزیراعلی کی اس دعوت کا مثبت جواب دیتے ہوئے واضح تیقن دیا کہ وہ افتتاحی پروگرام میں شرکت کریں گے۔