گجرات : وڈودرا میں کشتی الٹ گئی، 13 طلبہ، 2 اساتذہ ہلاک
سیلفی لیتے ہوئے توازن کھو بیٹھے
وڈودرا :۔18؍جنوری
(زین نیوز ڈیسک)
گجرات کے وڈودرا سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہرنی جھیل میں طلبہ سے بھری کشتی الٹ گئی جس میں 13طلبہ اور دو اساتذہ کی موت ہو گئی۔ جبکہ 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ راحت اور بچاؤ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گجرات کے وڈودرا میں جمعرات کی دوپہرہرنی جھیل میں ایک کشتی الٹ گئی۔ اس حادثے میں 13 طلبہ اور 2 اساتذہ کی موت ہو گئی۔ کشتی میں سوار باقی 10 بچے اور 2 اساتذہ کو بچا لیا گیا ہے۔ اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ان کی حالت کے بارے میں ابھی تک معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والے تمام طلباء کا تعلق وڈودرا کے نیو سن رائز اسکول سے ہے۔ وہ سیلفی لینے کشتی کے ایک طرف آئے تھے جس کی وجہ سے کشتی الٹ گئی۔ ان بچوں یا اساتذہ میں سے کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ اس وجہ سے جب کشتی الٹ گئی تو سب پانی میں ڈوبنے لگے۔
کشتی پر سوار ایک بچے نے کہاکہ ہماری کشتی ڈوب گئی۔ میں پائپ پکڑے باہر آیا۔ کشتی میں 30 بچے اور 3 میڈم سوار تھے۔جو پکنک منانے آئے تھے۔
#WATCH | Gujarat: A boat carrying children capsized in Vadodara's Harni Motnath Lake. Rescue operations underway. pic.twitter.com/gC07EROBkh
— ANI (@ANI) January 18, 2024
حکام نے بتایا کہ دیگر طلباء کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور فائر بریگیڈ کے اہلکار دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کربچاؤآپریشن کر رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی لوگوں نے کچھ بچوں کو بچا لیا تھا۔طالب علم نے بتایا کہ ہمیں لائف جیکٹس نہیں دی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے مہلوکین کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کیا۔ہرنی جھیل حادثے کے بعد راحت اور علاج کا کام جاری ہے۔ ریاستی حکومت نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ سی ایم بھوپیندر پٹیل نے ٹویٹ کر کے اس کی جانکاری دی۔