مدھیہ پردیش کے کھرگون میں بس پل سے گر گئی، 15 ہلاک، 25 زخمی

تازہ خبر جرائم حادثات قومی
مدھیہ پردیش کے کھرگون میں بس پل سے گر گئی، 15 ہلاک، 25 زخمی
نئی دہلی:۔9؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
مدھیہ پردیش کے کھرگون میں منگل کی صبح 8.40 بجے ایک بس 50 فٹ اونچے پل سے گر گئی۔ کھرگون کے ایس پی دھرم ویر سنگھ نے بتایا کہ 15 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 25 زخمی ہیں۔ وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بھی 15 مسافروں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ 20 سے 25 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا جا رہا ہے۔ واقعہ کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بس ڈونگرگاؤں اور دسنگا کے درمیان بورڑ ندی کے پل کی ریلنگ توڑ کر نیچے گر گئی۔ دریا سوکھ چکا تھا۔ ایمبولینس اور انتظامیہ کےعہدیدار موقع پر موجود ہیں۔ آئی جی راکیش گپتا نے بتایا کہ یہ کھرگون کے بیجاپور سے اندور کی طرف جارہی تھی۔ تیز
 رفتاری کے باعث یہ بے قابو ہو کر پل سے نیچے جاگری جس سے ریلنگ ٹوٹ گئی۔ خشک دریا کے باعث بیشتر مسافر زخمی ہوئے تاہم 15 سے زائد مسافر جاں بحق ہوگئے۔ امدادی کارروائیاں اوربچاؤ آپریشن جاری ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔
ڈونگرگاؤں کے رہنے والے راج پاٹیدار نے بتایا کہ ماں شاردا ٹریولس کی بس میں 40 سے زیادہ لوگ سوار تھے۔ حادثہ کے بعد ڈونگرگاؤں اور لونارہ گاؤں کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ بس کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا گیا۔ گاؤں والوں نے بتایا کہ بس گاؤں سے پانچ منٹ پہلے روانہ ہوئی تھی۔ بس تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔
مدھیہ پردیش کی حکومت نے کھرگون بس حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 50،000 روپے اور معمولی زخمیوں کو 25،000 روپے کی فوری مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔