اسکل ڈیولپمنٹ وقت کی اہم ضرورت

بین الریاستی تازہ خبر

مانو کا شاہین گروپ کے اشتراک سے بیدر میں تربیتی پروگرام ۔ پروفیسر راجہ کا خطاب

حیدرآباد، 14 ستمبر
(پریس نوٹ)
 مہارتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،جس کے پیش نظر مرکزی و ریاستی حکومتوں میں اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔جدید تکنیکی دور میں اساتذہ مدارس کو بھی پروفیشنل اسکلس سے واقف ہونا ضروری ہے۔
پروفیسر اے ایچ راجہ، سابق وائس چانسلر ٹمکور یونیورسٹی کرناٹک نے آج مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اُردو ذریعہ تعلیم، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی اور شاہین ادارہ جات بیدر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ دو روزہ تربیتی پروگرام ’’اساتذہ کے لیے پیشہ ورانہ مہارتیں‘‘ کے افتتاحی اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر صداقت علی خان، پرنسپل ،مانو کالج آف ٹیچر ایجوکیشن، بیدر نے اجلاس کی صدارت کی ۔محترمہ مہر سُلطانہ، منیجنگ ڈائرکٹر شاہین ادارہ جات، بیدر نے اس موقع پر دینی مدارس کے اساتذہ کو جدید طریقۂ تدریس سے لیس ہونے کا مشورہ دیا۔ افتتاحی اجلاس میں جناب سید حفیظ الدین قادری ‘پرنسپل شاہین پی یو کالج، بیدر نے مہمانِ اعزازی کے طورپر شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد اکبر، اسسٹنٹ پروفیسر، سی پی ڈی یو ایم ٹی نے افتتاحی اجلاس کی کارروائی چلائی ۔پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی ڈائرکٹر ، سی پی ڈی یو ایم ٹی نے پہلے تکنیکی اجلاس میں پیشہ ورانہ مہارتوں کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی اور شرکا کے سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دئیے ۔دوسرے اجلاس میں جناب جمیل احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، مانو نے کمپیوٹر کی بنیادی مہارتوں پر روشنی ڈالی ۔
عابد عبدالواسع
پبلک ریلیشنز آفیسر