مہاراشٹر کے ناندیڑ اور تلنگانہ کے عادل آباد میں دھماکہ خیز مواد پہنچانے کی کوشش
نئی دہلی : 5؍مئی
(زیڈ ایم این ایس)
پولیس نے آج کہا کہ ان کے پاس سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ہریانہ پولیس نے ہریانہ کے ایک ٹول پلازہ پر چار مشتبہ خالصتانی دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو تلنگانہ میں ایک بڑی واردات کو انجام دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ مہاراشٹر کے ناندیڑ اور تلنگانہ کے عادل آباد میں دھماکہ خیز مواد پہنچانے جارہے تھے۔
ان کے پاس سے 3 آئی ای ڈیز، ایک دیسی ساختہ پستول، 31 کارتوس، 1.31 لاکھ روپے نقد اور 6 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ ہریانہ کے وزیر داخلہ انل وج نے یہ اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ڈرونز کے ذریعہ بارودی مواد پاکستان سے سپلائی کیا جاتا تھا۔ اسے تلنگانہ کے عادل آباد میں دھماکہ خیز مواد پہنچانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
اس دوران ہریانہ پولیس نے ان چار دہشت گردوں کو کرنال سے گرفتار کیا۔ تمام دہشت گرد پنجاب کے رہائشی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تین دہشت گرد فیروز پور کے رہائشی ہیں جبکہ ایک کا تعلق لدھیانہ سے ہے۔ ان لوگوں کے خلاف مدھوبن پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اے سی پی اندری کو معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کرنال کے ایس پی نے بتایا کہ دہشت گرد ہرویندر سنگھ رندا نے ان چاروں دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد کی کھیپ تلنگانہ پہنچانے کا حکم دیا تھا۔ انہیں ایپ کے ذریعے پاکستان سے لوکیشن بھیجا جا رہا تھا۔ یہ لوگ ایک کنٹینر میں دھماکہ خیز مواد لے جا رہے تھے۔ پولیس کو پہلے شبہ تھا کہ اس میں RDX ہو سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کئی مقامات پر بڑی وارداتیں کر سکتے تھے۔
Haryana | The accused were taking the current consignment of explosives to a place near Nanded from Ferozepur, Punjab. FIR registered under Explosive Substances Act & UAPA. 1 country-made pistol, 31 live cartridges and three containers with explosives recovered: SP Karnal pic.twitter.com/AguEAl02KF
— ANI (@ANI) May 5, 2022
دہشت گردوں کو صبح 4 بجے گرفتار کیا گیا۔جمعرات کی صبح 4 بجے انووا کار سے جا رہے چاروں دہشت گردوں کو بستارا ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ سبھی پنجاب سے دہلی جا رہے تھے، جب ہریانہ پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔ ہریانہ پولیس کو پہلے ہی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) سے رپورٹ مل چکی تھی۔ اس لیے پولیس پہلے ہی الرٹ تھی اور ناکے لگا کر دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
چاروں دہشت گرد پنجاب کے رہائشی ہیں۔گرفتار مشتبہ دہشت گردوں کے نام گرپریت سنگھ، امندیپ، بھوپیندر اور پرمیندر ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ ان سب کا تعلق ببر خالصہ سے ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ لوگ دہشت گردی کی کسی بڑی واردات کو انجام دینے نکلے تھے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد شہر میں الرٹ ہے۔