حکومت پر سرپنچوں کے فنڈس کی چوری کا الزام

تازہ خبر تلنگانہ
35 ہزار کروڑ روپیئے دوسرے کاموں کیلئے موڑ نے ریونت ریڈی کی شکایت
حیدرآباد:۔9؍جنوری
(زین نیوزبیورو) 
صدرٹی پی سی سی مسٹراے ریونت ریڈی نے ریاستی حکومت پر سرپنچوں کے فنڈس چوری کرنے کا الزام لگایا ہے اور کہا کہ کے سی آر حکومت نے سرپنچوں کے 35 ہزار کروڑ روپیئے کے فنڈس کودوسرے کاموں کیلئے موڑدیا ہے۔اندرا پارک دھرنا چوک میں سرپنچوں کے احتجاجی پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
 انہوں نے کہا کہ سرپنچوں نے جائیدادیں بیچ کر اور پنچایتوں کی ترقی کے لئے قرض لے کر کام  کیا ہے۔جب کہ چند ایک سرپنچوں اورڈپٹی سرپنچوں نے وقت پر بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے خودکشی تک کر لی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حالات ایسے برے ہوگئے ہیں کہ صفائی عملہ کو بھیک مانگ کر اجرت دینی پڑرہی ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ گرام پنچایتوں کے فنڈس بڑے اجارہ داروں کو دئیے گئے ہیں اور گاؤں میں پودے مرنے پر سرپنچوں کو معطل کیا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نقائص کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق   کے ٹی آر اس پر کارروائی  کرنے سے قاصر ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ کئی بچے نہروں اور تالابوں میں گرنے سے فوت ہوئے۔انہوں نے دعوی کیا کہ حیدرآباد کو بین الاقوامی شہر بنانے کا سہرا کانگریس کے سر ہے۔ کے سی آر جنہوں نے اس سال اب تک صرف تنخواہوں کیلئے 28 ہزار کروڑ روپے کا قرض لیا ہے، پوچھا کہ وہ مزید تین ماہ تک ملازمین کو تنخواہیں کیسے ادا کریں گے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ جو کہ ایک امیر ریاست تھی قرضوں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست پر 5 لاکھ کروڑ کا قرض عائد ہے اور کے سی آر حکومت نے ریاست کے ہر فرد پر 1.5 لاکھ روپئے کا قرض عائد کیا۔
 انہوں نے تنقید کی کہ اس سے قبل جی ایچ ایم سی نے بینکوں میں 600 کروڑ روپے کے فکس ڈپازٹ رکھے تھے اور کے سی آر کے دور میں جی ایچ ایم سی پر کوئی قرض نہیں تھا۔ ریونت  ریڈی نے پوچھا کہ کے سی آر نے ریاست کے ساتھ کیا کیا ہے، جو تلنگانہ ماڈل کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ چاہے تلگودیشم اقتدار میں تھی یا کانگریس اقتدار میں تھی، سرپنچوں کا احترام کیا جاتا تھا، چاہے وہ ایم آر او دفتر جائیں یا ایم پی ڈی او آفس، انہیں مناسب احترام ملا کرتا تھا۔  انہوں نے  سرپنچوں کے ساتھ دلالوں جیسا سلوک کرنے پر حکومت پر تنقید کی۔