مذہب اور فرقہ کے نام پر ملک میں نفرت کا زہر گھولا جا رہاہے

تازہ خبر تلنگانہ

،قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ملک کی سالمیت اور سرحدوں کا تحفظ یقینی
دکن بلاسٹر کے زیراہتمام منعقدہ قومی یکجہتی تقریب سے مقررین کا خطاب
حیدرآباد:30؍اگسٹ
(زین نیوز)
ہمارا ملک اور اس کی تاریخ گواہ ہے کہ انگریزوں کے شاطر چالوں ، خوفناک ارادوں اور سنگین منصوبو ں سے مادر عزیز کی حفاظت کی خاطر وطن کے جانبازوں نے اپنی جانیں قرباں کردیں۔اپنا چین و سکون اور راحت برباد کردیا،تب کہیں جاکر آزادی کاسورج طلوع ہوا۔ان خیالات کا اظہار دکن بلاسٹرس کی جانب سے پریوار دھابہ‘ آرام گڑھ‘ حیدرآبادمیں منعقدہ امن و یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب ایوارڈ تقریب کے موقع پرمدعو مہمانان و مقررین نے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک ہندوستان میں بہت سی قومیں آبادہیں۔ اس کے دامن میں کئی مذاہب کے ماننے والے بستے ہیں۔ وطن عزیز میں کئی زبانیں بولی جاتی ہیں ہر قدم پر قومیت نسل اور زبان تبدیل ہوجاتی ہے۔ہمارے اس خوبصورت گلدستہ کو چند شر پسند عناصر کی جانب سے برباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مذہب اور فرقہ کے نام پر ملک میں نفرت کا زہر گھولاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے صرف ہندستان اور بر صغیر میں ہی نہیں بلکہ ہماری ساکھ عالمی سطح پر مجروح ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر دکن بلاسٹرس کے بانی منان خان انجینئر کی جانب سے منعقدہ یہ تقریب قابل مبارکباد ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر قومی یک جہتی کے تصور کو واضح کرنااور اس کی اہمیت و افادیت سے ملک کے باشعور اور سیکولر افراد کو آگاہ کرانا بہت ضروری ہے۔اگر ملک میں رہنے والے باشندے متحد رہیں گے تب ہی ملک ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔

ملک میں ہی اگر پر امن ماحول نہ ہو تو ملک کیسے ترقی حاصل کرسکتا ہے۔ قومی یک جہتی کے ذریعہ ہی ملک کی سا لمیت اور اس کی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

بعد ازاں منان خان انجینئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب میں ہندو، مسلم، سکھ عیسائی شامل ہیں امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں اسی اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہوئے ہندوستان کو مثالی ملک بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر مشتاق احمد، (چئیر مین، پریورار گروپ ریسٹورنٹس)، ممتاز علی اکرم ،(ڈائرکٹر ہائی ٹیک انٹر نیشنل کمپنی، سعودی عرب)، مرز قدرت نواز بیگ و دیگر موجود تھے۔