نریندر مودی حکومت شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرے گی

تازہ خبر قومی

کووڈ کے خاتمہ کے فوراً بعد قانون کو لاگو کیا جائے گا۔ امیت شاہ

نئی دہلی : 5؍مئی
(زین نیوز)
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، جو مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر پہنچے ہیں ریاست کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس یہ افواہیں پھیلا رہی ہے کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو کبھی لاگو نہیں کیا جائے گا۔

میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پڑوسی ممالک سے آنے والے ہندوستانیوں کو شہریت دینے کا قانون موجود تھا، CAA موجود ہے اور CAA مستقبل میں بھی رہے گا۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو سلی گڑی میں کہا کہ نریندر مودی کی حکومت سی اے اے کو نافذ کرے گی ۔ اس قانون کو کووڈ کے خاتمہ کے فوراً بعد لاگو کیا جائے گا۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ ممتا دیدی ملک میں دراندازی کرانا چاہتی ہیں۔ اس لیے وہ عوام میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

لیکن، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا واضح نظریہ ہے کہ سی اے اے کو لاگو کیا جائے گا اور پڑوسی ممالک کے پناہ گزینوں کو ان کا حق دیا جائے گا۔

امیت شاہ نے کہا کہ جب تک مغربی بنگال سے کٹوتی، بدعنوانی اور سنڈیکیٹ کی حکمرانی کا کلچر ختم نہیں ہوتا، تب تک بھارتیہ جنتا پارٹی ممتا بنرجی کی حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نریندر مودی کی قیادت میں سونار بنگلہ کے خواب کے ساتھ چل رہے ہیں۔ ہم اسے سچ کردیکھائیں گے۔

مسٹر شاہ نے کہا کہ انتخابات کے بعد تشدد کے معاملہ میں انسانی حقوق کمیشن نے بھی تسلیم کیا ہے کہ بنگال میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔

بی جے پی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بنگال اسمبلی انتخابات میں 2.28 کروڑ لوگوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا۔

آپ نے پارٹی کو گاؤں گاؤں مضبوط کیا ہے۔ ممتا دیدی کے مظالم سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بی جے پی کے کارکنوں نے کیرالہ سے بنگال تک حکومتوں کے ظلم کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ ممتا دیدی کا ظلم بہت چھوٹا ہے۔ آپ پورے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں، بنگال میں بی جے پی کو مضبوط ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔