دہلی: کورونا سے ایک کی موت کے بعد سی ایم کیجریوال حرکت میں، ہنگامی اجلاس طلب

تازہ خبر قومی
نئی دہلی:۔22؍دسمبر
(زیڈ این ایم ایس)
چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد چہارشنبہ کو دہلی میں کورونا کے 5 نئے مریض سامنے آئے اور ایک کی موت ہو گئی۔ جمعرات کو 2642 نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 5 افراد مثبت پائے گئے۔
چہارشنبہ کو ہونے والی موت کی وجہ سے ہلچل مچ گئی ہے۔ جس کے بعد اروند کیجریوال نے جمعرات کو ہنگامی میٹنگ بلائی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی محکمہ صحت کے مطابق، راجدھانی میں انفیکشن کی شرح 0.19 فیصد ہے۔
کورونا کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعرات کو ایک ہنگامی میٹنگ بلائی ہے جس میں کچھ اہم فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔ اس میٹنگ میں اروند کیجریوال محکمہ صحت کے ساتھ کورونا سے متعلق کئی مسائل پر بات کریں گے۔
کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ دہلی میں کورونا کی موجودہ صورتحال، نئی شکلوں سے لاحق خطرے اور انفیکشن پھیلنے پر اس پر قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں اوراس پر تفصیل سے بات کریں گے۔ ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ کئی اہم اعلانات بھی کر سکتے ہیں۔
دہلی حکومت کی جانب سے محکمہ صحت سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا پروٹوکول پر عمل کریں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ بدھ کو مرکزی وزیر صحت نے بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کو لے کر ایک میٹنگ کی۔
 اس کے ساتھ ہی ریاستوں کو چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے۔ دہلی میں اب تک کورونا کے 2007102 معاملے سامنے آئے ہیں، جب کہ انفیکشن سے اب تک 26,520 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔