کلیکشن بیگ سے 7 روپے زیادہ ملنے پر کنڈکٹر کو نوکری سے نکال دیا گیا
اب ہائی کورٹ نے بحال کرنے کا حکم دیا
چینئ:۔2؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TNSTC) نے آٹھ سال پہلے ایک کنڈکٹر کو نوکری سے نکال دیا تھا۔ وہ بھی صرف اس لیے کہ سرپرائز انسپکشن میں اس کے کلیکشن بیگ سے 7 روپے زیادہ نکلے۔
اب مدراس ہائی کورٹ نے TNSTC کو پھٹکار لگائی ہے اور ایک ہفتہ کے اندر کنڈکٹر کو بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ کورٹ نے کہاکہ کنڈکٹر کو دی گئی سزا نے عدالت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا۔
کنڈکٹر کو 8 سال پہلے برطرف کیا گیا تھایہ معاملہ 2015 کا ہے، تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (وِلو پورم ڈویژن) نے ایک بس میں چیکنگ کی۔
اس دوران بس کنڈکٹر آیانار کے کلیکشن بیگ سے ٹکٹ کے حساب سے 7 روپے زیادہ ملے۔ 10 دسمبر 2015 کو، کارپوریشن نے کہا کہ اس کے نتیجے میں آمدنی کا نقصان ہوا ہے اور آیانار کو فوری طور پر برطرف کر دیا گیا ہے۔
آیانار نے کارپوریشن کے اس فیصلے کو مدراس ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ ایڈوکیٹ ایس ایلمبھارتی نے سارا معاملہ اٹھایا اور اس کیس کے لیے کوئی فیس نہ لینے کی خواہش ظاہر کی۔
معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس پی بی بالاجی نے کارپوریشن کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ناقابل تصور ہے کہ 7 روپے زیادہ لینے سے کارپوریشن کی آمدنی کو نقصان پہنچا ہو گا۔ آیانار کو دی گئی سزا جرم سے انتہائی غیر متناسب ہے۔ یہ عدالت کے ضمیر کو جھنجوڑتا ہے۔
کارپوریشن نے آیانار پر کام میں لاپرواہی کا الزام لگایا۔ اس نے ٹکٹ کے پیسے لے کر بھی ایک خاتون مسافر کو ٹکٹ نہیں دیا۔ چھان بین کے دوران ان کے کلیکشن بیگ میں سات روپے سے زائد رقم موجود تھی۔ اس نے کارپوریشن کو نقصان پہنچانے کا کام کیا ہے۔ وہ کوئی ذمہ دار ملازم نہیں تھا۔
آیانار کے وکیل ایلامبھارتی نے کارپوریشن کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آیانار نے بس کے تمام مسافروں کو ٹکٹ دیے تھے۔ ایک عورت بس میں سوار ہوئی تھی، اسے قریب ہی جانا تھا۔ آیانار نے اسے پانچ روپے کا ٹکٹ دیا۔
دوران سفر خاتون کا ٹکٹ گم ہو گیا اور چیکنگ کے دوران خوف کی وجہ سے اس نے کنڈکٹر پر ٹکٹ نہ دینے کا الزام لگایا۔ اس کے ساتھ ہی اسے کلیکشن بیگ میں موجود دو روپے ایک مسافر کو واپس کرنے پڑے
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کہاکہ ہم آیانار کے وکیل کے دلائل سے مطمئن ہیں۔ کارپوریشن کو ایک ہفتہ کے اندر آیانار کو بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔