bhajan-lal-sharma-rajasthan-new-

 بھجن لال شرما راجستھان کے نئے چیف منسٹر ہوں گے

تازہ خبر قومی
 بھجن لال شرما راجستھان کے نئے چیف منسٹر ہوں گے
نئی دہلی:۔12؍ڈسمبر
(زین نیوز ڈیسک)
راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سانگانیر کے رکن اسمبلی بھجن لال شرما کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ ریاستی دفتر میں منعقدہ لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں بی جے پی ہائی کمان کی طرف سے طے شدہ نام کا اعلان کیا گیا اور سب نے اس نام پر اتفاق کیا۔
 ذرائع کے مطابق وسندھرا راجے نے ہی نئے وزیر اعلیٰ کا نام تجویز کیا تھا۔ بھجن لال شرما سنگھ کے پس منظر سے ہیں۔ وہ اصل میں بھرت پور کا رہنےہیں۔ وہ ریاستی جنرل سکریٹری کے عہدے پر بھی تھے۔
اس کے ساتھ ہی دیا کماری اور پریم چند بیروا نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ وہیں واسودیو دیونانی اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔ بی جے پی نے تینوں بڑے عہدے صرف جے پور کو دیے ہیں۔ بھجن لال شرما جے پور کی سنگانیر سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ وہیںدیا کماری جے پور کی ودیادھر نگر سیٹ سے جیتی ہیں جب کہ پریم چند بیروا جے پور ضلع کی ڈڈو سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔
میٹنگ سے پہلے راج ناتھ سنگھ نے بی جے پی کے تمام سینئر لیڈروں سے ملاقات کی۔ معلومات کے مطابق راجناتھ سنگھ نے میٹنگ سے پہلے ہی وسندھرا راجے کو نئے وزیر اعلیٰ کا نام تجویز کرنے کے لیے راضی کر لیا تھا۔
بھجن لال شرما نے کہاکہ سب کے تعاون سے ترقی کریں گے۔لیجسلیٹوپارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد بھجن لال شرما نے کہا کہ بی جے پی کے تمام لیڈروں کے ساتھ مل کر ہم راجستھان کی ہمہ گیر ترقی کریں گے۔ سانگانیر سے ایم ایل اے اشوک لاہوتی کا ٹکٹ کاٹ کر بھجن لال شرما کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
ریاستی ہیڈکوارٹر میں میٹنگ سے پہلے راج ناتھ کے ساتھ تمام ایم ایل ایز کا گروپ فوٹو سیشن ہوا۔ فوٹو سیشن کے دوران وسندھرا راجے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بالکل پاس بیٹھی تھیں۔ بھجن لال شرما چوتھی قطار میں بیٹھے تھے۔ دیا کماری دوسری صف میں تھیں۔