دہلی میں موسلادھار بارش کا قہر ۔ دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، ریڈ الرٹ جاری 

تازہ خبر قومی
دہلی میں موسلادھار بارش کا قہر ۔ دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، ریڈ الرٹ جاری 
نئی دہلی — :۔9؍اگسٹ
( انٹر نیٹ ڈیسک)
دہلی۔این سی آر میں جمعہ کی رات سے جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ ہفتہ کی دوپہر جنوبی مشرقی دہلی کے جیت پور تھانہ علاقے کے ہری نگر میں ایک پرانے مندر سے ملحقہ دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت دیوار کے قریب جھگیوں میں رہنے والے لوگ، جو زیادہ تر کباڑ کا کام کرتے تھے، دب گئے۔بچاؤ ٹیم نے زخمیوں کو صفدر جنگ ہسپتال اور ایمس منتقل کیا، مگر علاج کے دوران سب کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت شعیب (30)، ربیبل (30)، متوعلی (45)، روبینہ (25)، ڈولی (25)، حشیبل، رخسانہ (6) اور حسینہ (7) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے مزید نقصان سے بچنے کے لیے متاثرہ جھگیوں کو خالی کرا دیا ہے۔

شدید بارش کے باعث دہلی میں کئی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، ٹریفک جام کی صورتحال ہے اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو پورے دن کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے۔دیگر ریاستوں میں صورتحالہماچل پردیش کے کولو ضلع کے شرود نالہ میں ہفتہ کو بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
 واقعہ کے بعد قریبی بروگی نالہ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چندی گڑھ۔منالی ہائی وے بند کر دیا گیا ہے۔اتر پردیش میں مانسون کی بارش نے ندی نالوں کو لبالب بھر دیا ہے۔ امروہہ میں تین دن کی مسلسل بارش کے بعد ایک خستہ حال مکان ایک موٹر سائیکل سوار پر گر گیا، جبکہ جونپور میں بھی ایک مکان منہدم ہونے سے نقصان ہوا ہے