آپریشن سیندور میں 5 پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے۔ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ
بنگلورو — :۔9؍اگست
(انٹر نیٹ ڈیسک)
فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ آپریشن سیندور کے دوران بھارتی فضائیہ نے 5 پاکستانی لڑاکا طیارے تباہ کیے، جن میں ایک جدید نگرانی طیارہ بھی شامل تھا۔ اس نگرانی طیارے کو تقریباً 300 کلومیٹر کے فاصلے سے مار گرایا گیا، جو سطح سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
ایچ اے ایل مینجمنٹ اکیڈمی آڈیٹوریم میں منعقد ایئر چیف مارشل ایل ایم کٹرے میموریل لیکچر کے 16ویں سیزن سے خطاب کرتے ہوئے اے پی سنگھ نے کہا کہ آپریشن سیندور کے دوران بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور پاکستان اس میں دراندازی کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کامیابی کی ایک بڑی وجہ سیاسی قیادت کا مضبوط عزم اور فوج کو دیا گیا "فری ہینڈ” تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں واضح ہدایات ملیں کہ کتنی دور جانا ہے، منصوبہ بندی اور کارروائی میں مکمل آزادی حاصل تھی۔ تینوں مسلح افواج کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی تھی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا کردار اس میں کلیدی ثابت ہوا۔
اے پی سنگھ کے مطابق یہ ایک ہائی ٹیک جنگ تھی جو 80 سے 90 گھنٹے جاری رہی۔ اس دوران پاکستان کو اتنا نقصان پہنچا کہ انہیں احساس ہو گیا کہ اگر سلسلہ جاری رہا تو انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی، نتیجتاً انہوں نے بھارتی ڈی جی ایم او کو پیغام بھیجا کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اور بھارت نے اس تجویز کو قبول کر لیا۔
ایئر چیف نے کہا کہ اس آپریشن نے 2019 کے بالاکوٹ فضائی حملے کے بعد پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو ختم کر دیا۔ بالاکوٹ میں ہم ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کر پائے تھے اور سوالات اٹھے تھے، مگر اس بار ہم نے دنیا کو دکھایا کہ ہم نے کیا حاصل کیا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ جنگ کے دوران جذبات بھی غالب آ گئے تھے۔
کچھ قریبی لوگوں نے کہا کہ مزید حملے کرنے چاہییں، لیکن مقصد حاصل کرنے کے بعد جنگ کو ختم کرنے کے مواقع تلاش کرنا ہی دانشمندی تھی اور ملک نے بہترین فیصلہ کیا۔7 مئی کو صبح 1:30 بجے بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ فوج کے مطابق اس کارروائی میں 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستانی سرکاری میڈیا نے الزام لگایا کہ بھارت نے کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفرآباد میں کارروائیاں کیں، جن میں لشکرِ طیبہ کا ہیڈکوارٹر اور جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا ٹھکانہ بھی شامل تھا۔ “سیندور” ہندو ثقافت میں شادی شدہ خواتین کے ماتھے پر لگایا جانے والا سرخ رنگ ہے، اور بھارتی فوج نے اس آپریشن کا یہ نام ان خواتین کی یاد میں رکھا جن کے شوہروں کو دہشت گردی میں جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔
