حیدرآباد:اردو یونیورسٹی میں ترنگا یاترا کا انعقاد
حیدرآباد، 12 اگست
(ای۔میل)
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ترنگا یاترا کا اہتمام کیا گیا۔ وزارت ثقافت، حکومت ہند کی ہدایات پر ملک بھر میں 12تا 15 اگست ہر گھر ترنگا مہم کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔
ڈاکٹر محمد یوسف خان، کوآرڈینیٹر این سی سی نے اس موقع پر آج جھنڈا دکھاکر ترنگا یاترا کا آغاز کیا۔ اس یاترا میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے این سی سی کیڈٹس کے علاوہ طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔
پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر سی پی ڈی یو ایم ٹی، ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری، اسوسی ایٹ پروفیسر ایم سی جے، جناب محمد مجاہد علی، پروڈیوسر آئی ایم سی، ڈاکٹر ایم اے قدوس، اسسٹنٹ رجسٹرار و دیگر نے بھی اس یاترا میں حصہ لے کر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر طلبہ نے ملک کے تئیں ایماندار رہنے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کا عہد لیا۔ ہر گھر ترنگا مہم کی تشہیر کے لیے اور عوامی رابطے مہم کے سلسلے میں ترنگا یاترا کے علاوہ پینٹنگ، حب الوطنی پر نغمے، کوئز، رنگولی اور نعرہ نویسی مقابلے بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔