جگتیال میں دل دہلا دینے والا واقعہ: چھٹی جماعت کے طالب علم کی خودکشی کی کوشش
ٹریفک سب انسپکٹر نے بروقت بچا لیا
جگتیال:۔23؍اگست
(زین نیوز)
جگتیال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب چھٹی جماعت کا ایک معصوم بچہ ہاسٹل کی تنہائی سے تنگ آ کر اپنی جان لینے کی کوشش کرنے لگا۔ اگر لمحہ بھر کی تاخیر ہوجاتی تو اس ننھے پھول کی زندگی کا چراغ بجھ جاتا۔
تفصیلات کے مطابق، جگتیال بس ڈپو کے سامنے ایک 11 سالہ طالب علم چیتن لاری کے آگے کودنے ہی والا تھا کہ عین وقت پر اس کے ساتھ موجود ساتھی طلبہ نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر قریب ہی ڈیوٹی پر موجود ٹریفک سب انسپکٹر مَلّیش کو اطلاع دی۔
ایس آئی مَلّیش نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو محفوظ کرلیا اور اس کی قیمتی جان بچالی۔ابتدائی تفتیش کے دوران جب بچے سے پوچھا گیا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ اس نے رندھی ہوئی آواز میں کہا کہ وہ آنے والے ونائک چوتھی کے تہوار پر اپنے گھر میں رہنا چاہتا ہے، لیکن ہاسٹل میں رہنے کی مجبوری اسے برداشت نہیں ہوئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بچے کو تھانے منتقل کرکے اس کے والد کو طلب کیا۔ ٹاؤن سی آئی کروناکر کی نگرانی میں بچے اور والد کو کاؤنسلنگ فراہم کی گئی تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی سانحہ پیش نہ آئے۔
پولیس حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نفسیاتی کیفیت کو نظر انداز نہ کریں، خاص طور پر ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کو گھریلو ماحول اور خاندانی محبت کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ ایسے میں بروقت توجہ اور حوصلہ افزائی ہی ان کے اعتماد کو بحال کرسکتی ہے۔