گورنر پنجاب کے ہاتھوں بنڈا شنکر کو بین الاقوامی امن ایوارڈ
کومینٹری پیس فاؤنڈیشن کی جانب سے چندی گڑھ میں ایواراڈ فنکشن
جگتیال:۔29؍اگست
( زین نیوز)
آج کے پْرآشوب دور میں جہاں خود غرضی اور بے حسی نے انسانیت کو کمزور کر دیا ہے، ایسے مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں کہ والدین اپنے بیمار بچوں کو علاج کرانے کے بجائے یتیم خانوں کے حوالے کر دیتے ہیں، بعض بے سہارا مریض سڑکوں پر تڑپتے رہ جاتے ہیں اور لاوارث لاشیں گمنامی کے اندھیروں میں دفن ہو جاتی ہیں۔
ایسے وقت میں اگر کوئی شخص دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھ کر آگے بڑھے تو وہ واقعی انسانیت کا علمبردار کہلاتا ہے۔بنڈا شنکر بھی ایسے ہی انسان دوست کردار کے مالک ہیں، جنہیں عوام "غریبوں کا مسیحا” کہتے ہیں۔ مذہب و ملت کی تفریق سے بالاتر ہو کر وہ ہر بے سہارا کے لیے سہارا بنتے ہیں۔ کبھی غریب مریضوں کے علاج و معالجہ میں قدم بڑھاتے ہیں، کبھی لاوارث میتوں کی آخری رسومات انجام دیتے ہیں، تو کبھی ہنگامی حالات میں خون کا عطیہ دے کر زندگی کی نئی روشنی پھیلاتے ہیں۔
ایک حالیہ مثال میں بنڈا شنکر نے ایک لاوارث میت کی عزت و احترام کے ساتھ تدفین کا انتظام کیا اور ایک غریب مریض کی جان بچانے کے لیے فوری طبی امداد فراہم کی، جس سے پورے علاقے میں انسانیت کی خدمت کی نئی مثال قائم ہوئی۔ان کی بے لوث سماجی اور فلاحی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
27 اگست 2025 کو مینٹری پیس فاؤنڈیشن نے بنڈا شنکر کو بین الاقوامی امن ایوارڈ سے نوازا، جس میں امن، انسانیت اور سماجی خدمت کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر انہیں شری گلاب چند کھتریہ، گورنر پنجاب کے ہاتھوں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ تقریب ریڈیسن ہوٹل، چندی گڑھ میں منعقد ہوئی۔
واضح رہے کہ بنڈا شنکر اپنی سماجی و فلاحی خدمات کی بنا پر اس سے قبل بھی‘ورما بک آف ریکارڈ‘ تلنگانہ بک آ ف ریکارڈ کے علاوہ رضارکارانہ تنظیموں سے کئی اعزازات اور ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں، جو ان کی انسانیت کے لیے لگن اور خدمت خلق کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ان کی یہ خدمات اس بات کا عملی اظہار ہیں کہ حقیقی انسانیت دوسروں کے دکھ درد کو سمجھنے اور مدد کرنے میں ہے، اور وہ اپنی بے لوث محنت سے معاشرے میں روشنی کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔
