تلنگانہ میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 

تازہ خبر تلنگانہ
تلنگانہ میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا فضائی جائزہ، محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا
حیدرآباد:۔28 اگست 
(زین نیوز) 
تلنگانہ میں گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے ریاست کے کئی اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، متعدد سڑکیں کٹ گئی ہیں اور کئی مقامات پر بجلی و پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق نرمل، جگتیال، نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح عادل آباد، ورنگل، کریم نگر، میدک اور وکارآباد میں بہت شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اورنج الرٹ دیا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد، رنگا ریڈی، بھدرادری کتہ گوڑم، یادادری بھونگیر اور محبوب نگر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ہنگامی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وہ آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ اضلاع کا فضائی جائزہ لینے نکلے، تاہم خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کاماریڈی میں لینڈ نہیں کر سکا اور انہیں میدک پہنچنا پڑا جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
 اجلاس میں وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی، پردیش کانگریس کمیٹی صدر مہیش کمار گوڑ، مقامی ایم پی رگھونندن راؤ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ایلم پلی اور پوچرام پراجیکٹس کا بھی معائنہ کیا اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
 انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ دیہات کے عوام کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ریلیف کیمپوں میں خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "حکومت ہر حال میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔”جگتیال، نظام آباد اور سدی پیٹ اضلاع میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
جگتیال میں ایک سابق زیڈ پی ٹی سی ممبر کا بیٹا سیلاب میں بہہ گیا، جس پر وزیر اَدلوری لکشمن کمار نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے دلاسہ دیا۔ سدی پیٹ کلکٹر ہَیماوتی اور پولیس کمشنر انورادھا نے ندی نالوں کا معائنہ کیا اور عوام کو تاکید کی کہ وہ پانی سے بھری سڑکوں پر سفر نہ کریں۔راجنا سِرسِلا ضلع کے نرمالا وگو میں پانچ کسان سیلابی ریلے میں پھنس گئے جنہیں ایئر فورس ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچا لیا۔
 اس کامیاب کارروائی پر مقامی عوام نے فوجی اہلکاروں کا خیرمقدم کیا۔محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں شمالی تلنگانہ پر قائم "سائیکلونک سرکولیشن” کی وجہ سے ہو رہی ہیں اور بعض مقامات پر 48 گھنٹوں میں 60 سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ریاستی حکومت نے 24 گھنٹے کنٹرول روم قائم کر دیے ہیں جبکہ پولیس، ریونیو اور بلدیہ عملے کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اب تک سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور دریاؤں کے کناروں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے