Food Poisoning

حیدرآباد میں مندی کھانے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار

تازہ خبر تلنگانہ

حیدرآباد میں مندی کھانے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار
قے اور اسہال کی شکایت، بیماروں میں پانچ کمسن بچے بھی شامل،۔عثمانیہ ہسپتال منتقل
حیدرآباد:۔19/نومبر
(زین نیوز)

حیدرآباد کے عنبرپیٹ علاقے میں ایک ہوٹل سے منڈی کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے 9 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے۔ یہ واقعہ تاخیر سے منظر عام پر آیا۔ تفصیلات کے مطابق عنبرپیٹ میں مقیم ایک خاندان نے 15 نومبر کو گاندھی بوما کے قریب واقع مکرم بریانی ہوٹل سے مندی حاصل کی تھی اور اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر کھائی تھی۔ کچھ دیر بعد خاندان کے 9 افراد کو قے اور اسہال کی شکایت شروع ہوگئی اور ان کی طبیعت بگڑ گئی۔

بعد ازاں ہوٹل مالک کو بھی اس معاملے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد متاثرین کو مقامی ہسپتال میں علاج کے لیے شریک کروایا گیا۔دریں اثنا، متاثرہ خواتین میں سے ایک کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور اسے اعصابی نوعیت کی شکایت پیدا ہوگئی۔ بہتر علاج کی غرض سے متاثرہ خواتین کو چہارشنبہ کے روز نلہ کنٹہ کے فیور ہسپتال منتقل کیا گیا۔

متاثرین میں پانچ کمسن بچے بھی شامل ہیں، تاہم بتایا گیا کہ فیور ہسپتال میں سات سال سے کم عمر بچوں کا علاج نہیں کیا جاتا۔مزید برآں، ایک خانگی اسپتال کی طبی رپورٹ میں ایک خاتون کو اعصابی مسئلہ ہونے کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد تمام متاثرین کو بہتر علاج کے لیے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔ فوڈ پوائزننگ سے متاثر ہونے والوں میں سید نسیم سلطانہ، خدیجۃ ا لکبریٰ، اسماء سلطانہ اور محمد عامر شامل ہیں، جن کا تعلق نہرو نگر، کاچی گوڑہ سے بتایا گیا ہے۔