Nayeem

دہلی میں نوجوان کے قتل کا ملزم گینگسٹر نسیم درانی پولیس مقابلے میں ہلاک

تازہ خبر جرائم حادثات قومی

دہلی میں نوجوان کے قتل کا ملزم گینگسٹر نسیم درانی پولیس مقابلے میں ہلاک
دہلی پولیس اور نوئیڈا ایس ٹی ایف کی مشترکہ کارروائی
نئی دہلی:۔20/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)

دہلی میں وزیر کپل مشرا کے کیمپ آفس کے قریب 26 سالہ نوجوان سمیر کے قتل کے معاملے میں مطلوب گینگسٹر نسیم درانی جمعہ کو اترپردیش کے بلند شہر میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ اس کارروائی میں دہلی پولیس اور نوئیڈا اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی مشترکہ ٹیم نے حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق، نسیم درانی سمیر کے قتل کا مرکزی ملزم تھا، جسے دو روز قبل شمال مشرقی دہلی میں کپل مشرا کے دفتر کے قریب فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ واقعہ میں ملزم نے مبینہ طور پر 10 سے 20 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ نسیم درانی کو بدنام زمانہ گینگسٹر بتایا جارہا ہے اور اس کے مبینہ طور پر انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی ڈی کمپنی سے روابط ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

سمیر کے قتل کے بعد پولیس نے ملزم کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی تھی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ نسیم درانی بلند شہر میں موجود ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر دہلی پولیس اور نوئیڈا ایس ٹی ایف نے مشترکہ کارروائی کا منصوبہ بنایا اور اس کی گرفتاری کے لیے بلند شہر میں آپریشن شروع کیا۔

سینئر پولیس عہدیداروں کے مطابق، مشترکہ ٹیم کی کارروائی کے دوران نسیم درانی کا پولیس سے سامنا ہوا، جس میں وہ مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات اور پولیس کارروائی کی مکمل معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔دہلی میں سمیر کے قتل کے بعد پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرم تھی، تاہم بلند شہر میں ہونے والے مقابلے کے بعد اس معاملے میں تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔