حیدرآباد۔6اپریل
( زین نیوزڈاٹ نیٹ)
سائبر آباد کمشنریٹ کے کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی پولیس نے اپنے ہی محکمہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے سافٹ ویر انجینئر بیٹے اور اسکے ڈاکٹر دوست کو اس وقت گرفتار کرلیا جب کل رات ان دونوں نے حالت نشہ میں پولیس کی کی گاڑی میں سوار اپنے آپ کو پولیس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے شاہراہ عام پر ہنگامہ آرائی کررہے تھے اور ایک ٹھیلہ بنڈی کو سڑک پر الٹ دیا ۔
بعد ازاں اس نے سوڈا کی بنڈی کے مالک کی پٹائی بھی کردی۔ ٹھیلہ بنڈی راں نے 100ڈائیل کرکے پولیس کو اسکی اطلاع دی جسکے بعد پولیس نے ان دونوں کو حراست میں لے لیا۔پولیس ذرائع نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سٹی آرمڈ ریزروپولیس سے وابستہ ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ پولیس کے فرزند سرینواس جو سافٹ ویر انجینئر بتایا گیا ہے
اپنے ایم بی بی ایس ڈاکٹر دوست کے ساتھ اپنے والد کی سرکاری کار جسکا میں نمبر TS09EU7477 ہے میں سوار ہوکر میاں پور سے کوکٹ پلی کی سمت جارہے تھے کہ راستہ میں کے پی ایچ بی پولیس اسٹیشن کے حدود میں دونوں نے ایک ٹھیلہ بنڈی کو دیکھ کر سڑک کے کنارے گاڑی روک دی اور شراب کا گلاس ہاتھ میں لہراتے ہوئے سوڈا فروخت کرنے والے شخص سے پانی دینے کا مطالبہ کیا
جس پر اس شخص نے اعتراض کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ سڑک پر شراب نہ پئیں اور اگر وہ اس طرح کھلے عام شراب نوشی کریں گے تو گاہک نہیں آئے گا‘جس پر برہمی کے عالم میں پولیس ملازم کے فرزند نے سوڈے کی بنڈی کو الٹ دیا اور پھر اپنی گاڑی کے سامنے کے حصہ سے بنڈی کو ٹکر دے دی اور کار میں موجوود سائرن کو بجانے لگا ۔سوڈا بنڈی کے مالک نے 100 نمبر ڈائل کرتے ہوئے پولیس سے اس کی شکایت کی جس پر پولیس وہاں پہنچی جس نے ان نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
جب ان کی بریتھ انالائزر کے ذریعہ جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ یہ دونوں پہلے ہی حالت نشہ میں ہیں۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔بتایا گیا ہے اس پولیس ملازم کے فرزند کی جانب سے چلائی جارہی گاڑی پر کئی چالانات ہیں جو تیز رفتاری اور خطرناک طریقہ سے گاڑی چلانے سے متعلق ہیں۔