*وبائی صورتحال کے دوران رکن کونسل کے کویتا ٹوئیٹر پر متحرک

بین الریاستی تازہ خبر

عوامی مسائل کی انتظامیہ تک رسائی کےلئے کویتا کی موثرنمائندگی

حیدرآباد۔ 21 /اپریل
(  زین نیوز ڈاٹ نیٹ )
ریاست میں کورونا کی وباء شدت اختیار کرچکی ہے۔ اس شدت کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت بھی جنگی خطوط پر اقدامات کررہی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا کو سوشیل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم ٹویٹر پر بہت سے لوگوں نے ٹیگ کرتے ہوئے کورٹلہ اور میٹ پلی میں کورونا ٹسٹنگ کٹس کی کمی کی جانب توجہ دلواتے ہوئے مدد فراہم کرنے کی درخواست کی۔عوام نے رکن کونسل کو بتایا کہ کٹس کی عدم موجودگی سے لوگ پریشانی کا شکار ہیں جس پر کویتا نے فوری طور پر وزیر صحت ایٹالہ راجندر، کورٹلہ رکن اسمبلی ودیا ساگر راﺅ اور جگتیال کلکٹر سے اس ضمن میں نمائندگی کی اور انہیں ٹیگ کرتے ہوئے ان کی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے اس ضمن میں محکمہ صحت کے ڈائرکٹر سرینواس راﺅ سے بھی نمائندگی کی جس کے بعد حکومت نے میٹ پلی اور کورٹلہ کیلئے فوری طور پر 7500 کورونا ٹسٹنگ کٹس روانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ رکن کونسل کویتا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے ضلع نظام آباد میں کورونا کی تازہ صورتحال کے تعلق سے بھی بات چیت کی اور کورونا ٹسٹنگ کٹس کے علاوہ ایمبولنس کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کا تیقن دیا۔ عہیداروں نے ضلع نظام آباد کے سیری کونڈہ میں ایمبولنس کی کمی کی شکایت کی جس پر رکن کونسل نے میٹ پلی، کورٹلہ اور نظام آباد کیلئے مزید ایمبولنس گاڑیوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔