تلنگانہ الیکٹریسٹی بل کلکٹرس اسوسی ایشن کی صدر مجلس جگتیال سے نمائندگی

بین الریاستی مضامین

جگتیال 26؍ڈسمبر
تلنگانہ الیکٹریسٹی بل کلکٹرس اسوسی ایشن نے صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی سے درخواست کی ہے ان کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لئے وہ حکومت سے نمائندگی کریں اور گزشتہ 30 سال سے سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے والے 950 بل کلکٹرس کو ای پی ایف اور ای ایس آئی کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کریں۔محکمہ برقی میں بل کلکٹرس کی حیثیت سے کام کرنے والے 950 عارضی ملازمین کی اسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پی سدرشن نے آج جگتیال مجلس کے صدر یونس ندیم سے ملاقات کرتے ہوئے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی کے نام تحریر کردہ ایک یادداشت کو حوالے کی۔اور یونس ندیم سے خواہش کی کہ وہ اس یادداشت کو صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی تک پہنچاتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔پی سدرشن نے بتایا کہ ریاست بھر کے 950 بل کلکٹرس گھر گھر پہنچ کر برقی بل وصول کرتے ہیں لیکن انہیں سواری خرچ بھی نہیں دیا جاتا۔انھیں کوئی الاؤنس نہیں ہیں جبکہ وہ 25 سے 30 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں دو سال قبل چیف منسٹر چندرشیکھر راو سے نمائندگی کی گئی تھی اور چیف منسٹر نے ان کے ساتھ مناسب انصاف کا تیقن دیا لیکن اب تک انصاف نہیں ملا۔اس موقع پر مجلس کے کونسلرس رضی الدین، شکیل پٹواری، مجلس قائدین سمیر الدین آزاد، شاہنواز، شیخ واجد، نعمان اور ابو موجود تھے