پولیس چوکی کا گھیراؤ کرکے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ
دیوبند:۔ 27؍ نومبر
(رضوان سلمانی) شوہر کی ظلم و زیادتی کا شکار شادی شدہ خاتون کی حمایت میں خواجہ سراؤں کی تنظیم راشٹریہ مہیلا ایکتا سنگٹھن نے پولیس چوکی کاگھیراؤ کرکے متاثرہ خاتون کے شوہر کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ،بصورت دیگر پولیس کو احتجاجی مظاہرہ کرنے کا انتباہ دیا۔
آج راشٹریہ مہیلا ایکتا سنگٹھن کے صدر آریہ خواجہ سرا کی قیادت میں بڑی تعداد میں خواجہ سراؤں نے شوہر کے ظلم و زیادتی کا شکار خاتون کی حمایت میں منگلور پولیس چوکی پہنچ کر چوکی کا گھیراؤ کیا اور پولیس سے خاتون کے شوہر کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ۔
اس دوارن انہوں نے بتایا کہ مظفر نگر ضلع کے گاؤں بھیسانی کی رہنے والی سویتا کی دیوبند کوتوالی علاقے کے ہاشم پورہ گاؤں میں شادی ہوئی تھیں۔
الزام ہے کہ سویتا کے شوہر کے کسی دوسری عورت کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی بیوی کا استحصال کر رہا ہے اور اس پر ظلم و زیادتی کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ مہیلا ایکتا سنگٹھن متاثرہ شادی شدہ خاتون کے ساتھ ہے اور کسی بھی قیمت پر اس کا استحصال نہیں ہونے دے گی۔
آریہ خواجہ سرا نے انتباہ دیا کہ اگر پولیس بلاتاخیر ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کرتی ہے تو ان کی تنظیم احتجاجی مظاہرہ کو مجبور ہوگی،جس کی ساری ذمہ داری خود پولیس کی ہوگی۔
کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ نے بتایا کہ معاملہ ان کے علم میں آیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تحقیقات کے بعد ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔