40 ہزار روپے کے قرض پر مبینہ دھمکیاں، پولیس کانسٹیبل کی موت
حیدرآباد، ؍10 نومبر
( زیڈ این ایم ایس)
آن لائن قرض ایپ کے مبینہ ایذا رسانی اور دھمکیوں سے پریشان ہوکر ایک پولیس کانسٹیبل کی موت کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ متوفی کی شناخت 31 سالہ موداوت سرینو کے طور پر ہوئی ہے، جو کونڈاپور بٹالین میں کانسٹیبل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا اور مہیشورم منڈل کے ہرش گوڑہ میں مقیم تھا۔
اطلاعات کے مطابق سری نو نے تقریباً چار ماہ قبل ایک آن لائن قرض ایپ کے ذریعے 40 ہزار روپے قرض حاصل کیا تھا۔ مقررہ وقت پر رقم واپس نہ کرنے کے بعد ایپ کے منتظمین اور وصولی کے نمائندوں نے مبینہ طور پر اسے مسلسل فون کرکے رقم ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر گھنٹے فون کرکے پریشان کیا جاتا تھا۔
مزید الزام ہے کہ قرض کی ادائیگی نہ کرنے پر سری نو اور اس کی بیوی کی نازیبا تصاویر تیار کرکے خاندان کے افراد اور گاؤں والوں کو بھیجنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ ان دھمکیوں کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا اور اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی۔واقعے کے بعد پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس قرض ایپ کے منتظمین اور وصولی کے نمائندوں کے کردار کی بھی جانچ کررہی ہے۔
