AZAM KHAN

یو پی :اعظم خان کوڈنگر پور کیس میں 10 سال قید اور 14 لاکھ روپے جرمانہ

تازہ خبر قومی
 یو پی :اعظم خان کوڈنگر پور کیس میں 10 سال قید اور 14 لاکھ روپے جرمانہ
رام پور۔30؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
اترپردیش ڈنگر پور کیس میں جمعرات کو ایم پی۔-ایم ایل اے عدالت نے جیل میں بند اعظم خان کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ عدالت نے 14 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے کل اعظم خان کو مجرم قرار دیا تھا۔ اعظم خان پر ڈنگر پور کالونی کو زبردستی خالی کرانے، مارپیٹ، توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور دھمکیاں دینے کا الزام تھا۔
 معاملہ 6 دسمبر 2016 کا ہے۔ اس معاملے میں اعظم خان کے خلاف 2019 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ رام پور کی ایم پی ایم ایل اے سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت چل رہی تھی۔
سرکاری وکیل شیو پرکاش پانڈے نے کہا، ‘مکان کو زبردستی خالی کرانے اور اسے گرانے کے معاملے میں رام پور کی خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے ایس پی لیڈر اعظم خان کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے اور 14 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ‘
دراصل ایس پی حکومت کے دور میں ڈنگر پور میں آسرا گھر بنائے گئے تھے۔ اس جگہ کچھ لوگوں کے گھر پہلے سے بن چکے تھے۔ الزام یہ تھا کہ اسے 2016 میں سرکاری زمین پر ہونے کی بنیاد پر منہدم کر دیا گیا تھا۔ متاثرین نے ڈکیتی کا الزام بھی لگایا تھا۔
2019 میں جب بی جے پی کی حکومت آئی تو پہلی بار اس معاملے میں رام پور کے گنج تھانے میں تقریباً ایک درجن مختلف کیس درج ہوئے۔ الزام ہے کہ ایس پی حکومت میں اعظم خان کے کہنے پر پولس اور ایس پی نے شیلٹر ہاؤس بنانے کے لیے زبردستی ان کے مکان خالی کروائے تھے۔ وہاں پہلے سے بنائے گئے مکانات کو بھی بلڈوزر کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔