بنگلہ دیش میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی رہائش گاہ نذرِ آتش 

تازہ خبر عالمی

بنگلہ دیش میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی رہائش گاہ نذرِ آتش 

پٹرول بم حملہ، عوامی لیگ پر الزام
وزیراعظم طارق رحمٰن نے تشدد کے لیے شیخ حسینہ کو ذمہ دار ٹھہرایا

بنگلہ دیش میں جاری سیاسی کشیدگی کے درمیان وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر کی رہائش گاہ کو جمعہ کے روز پٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی گئی۔ واقعہ کے وقت کبیر گھر پر موجود نہیں تھے۔ حملے کے بعد رہائش گاہ پر سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔

وزیر مملکت نے اس حملے کے لیے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ہمایوں کبیر نے کہا کہ دہلی میں موجود کسی بھی مفرور شخص کو تشدد کے ذریعے تجارتی پرواز سے بنگلہ دیش واپس نہیں لایا جاسکتا اور اس سلسلے میں حوالگی کا معاہدہ ہی قانونی راستہ ہے۔

انہوں نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں شیخ حسینہ کی واپسی اور عوامی لیگ کی جانب سے دی گئی ملک گیر بند کی اپیل کے تناظر میں احتجاج، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات جاری ہیں۔ جمعرات کو مظاہرین نے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کی رہائش گاہ کو بھی آگ لگا دی تھی۔

دریں اثناء وزیراعظم طارق رحمٰن نے ملک میں جاری تشدد کے لیے عوامی لیگ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ جماعت ملک میں بدامنی پھیلاکر اقتدار پر دوبارہ قابض ہونے کی سازش کررہی ہے۔ انہوں نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 سال تک زبردستی اقتدار میں رہنے کے بعد ملک سے فرار ہونے والے عناصر اب سرحد پار سے بنگلہ دیش کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

طارق رحمٰن نے الزام لگایا کہ ملک چھوڑنے کے باوجود ان عناصر نے آتش زنی اور قتل و غارت گری کی سرگرمیاں بند نہیں کیں اور اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کسی ملک کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے بیان کو ہندوستان کے حوالے سے دیکھا جارہا ہے۔

شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو طلبہ احتجاج کے دوران اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئی تھیں اور تب سے وہ ہندوستان میں مقیم ہیں۔عوامی لیگ کی جانب سے 19 نومبر کو دی گئی ملک گیر بند کی اپیل کے دوران بھی مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات پیش آئے۔

یہ بند شیخ حسینہ کی واپسی کے مطالبے پر ایک ہفتے سے جاری احتجاج اور ریلیوں کے بعد کیا گیا تھا۔ جنوبی بنگلہ دیش کے مختلف اضلاع میں بند کا اثر زیادہ شدید رہا، جہاں عوامی لیگ کو مضبوط حمایت حاصل ہے۔شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو ارکان اسمبلی کی رہائش گاہوں پر حملے کیے گئے، توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگائی گئی۔

بعض بازاروں اور دکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق کم از کم چھ بسوں اور پک اپ ٹرکوں کو آگ لگائی گئی، جبکہ ریلوے لائن کے ایک حصے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔جمعرات کو ڈھاکہ۔چٹاگانگ ہائی وے پر ایک بس اور ٹرک کو بھی آگ لگا دی گئی، تاہم بس میں سوار تمام مسافر بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ بنگلہ دیش میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں اور تشدد کے واقعات پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔