ایم پی فنڈ سے گھر بنائے اور بیٹے کی شادی کی
تلنگانہ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا اعتراف
حیدرآباد:۔20؍جون
(زین نیوز)
تلنگانہ کے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سویام باپوراؤ مبینہ طور پر یہ اعتراف کرتے ہوئے تنازعہ میں آگئے ہیں کہ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ (ایم پی ایل اے ڈی) اسکیم کے فنڈز سے اپنے لئے ایک مکان تعمیر کیا تھا اور اپنے بیٹے کی شادی کی تھی۔
رکن پارلیمنٹ سویام باپو راؤ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایم پی فنڈز کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ سویام باپو نے کہاکہ فنڈ میں 2.5 کروڑ روپے آئے، جس میں سے کچھ رقم علاقے کے کونسلروں کو دی گئی۔
"رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ میں نے ایم پی فنڈ سے ایک گھر بنایا کیونکہ اگر آپ کا اپنا گھر نہیں ہے تو کوئی عزت نہیں ہے۔ میں نے اپنے بیٹے کی شادی ایم پی فنڈ کے ذریعے کروائی۔ یہ درست ہے کہ فنڈز ترقی کے لیے استعمال نہیں ہوئے۔ لیکن ماضی کے اراکین پارلیمنٹ کی طرح، میں نے فنڈز کو ضائع نہیں کیا
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس سے پہلے کئی ممبران اسمبلی نے پورا فنڈ اپنے ذاتی کاموں پر خرچ کیا تھا، لیکن آج پارٹی کے کچھ لیڈر میری تنقید کر رہے ہیں۔ شاید وہ نہیں جانتے کہ مجھ سے پہلے دوسروں نے اس فنڈ کو کیسے استعمال کیا۔
یہ باتیں انہوں نے ایک پروگرام میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ واقعہ کب اور کہاں پیش آیا۔
جیسے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوا اور اپوزیشن جماعتوں نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا، باپوراؤ نے شام کو ایک بیان جاری کیا، جس میں اس بات کی تردید کی گئی کہ اس نے MPLAD فنڈز کا غلط استعمال کیا۔
سنسد ندھی یہ ایک اسکیم ہے جو 1993 میں شروع ہوئی تھی، جس میں اراکین پارلیمنٹ کو ان کے حلقوں کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔ ابتدائی طور پر ایم پی کو 5 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔
1994-94 میں ایم پی فنڈ اسکیم میں اخراجات کی حد بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی۔ ساتھ ہی اسے 1989-99 میں 2 کروڑ روپے اور 2011-12 میں 5 کروڑ روپے کر دیا گیا۔