BJP

بی جے پی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپنے تین ارکان پارلیمان کو اسمبلی امیدوار بنایا

تازہ خبر تلنگانہ
بی جے پی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپنے تین ارکان پارلیمان کو اسمبلی امیدوار بنایا
52 امیدواروں کی فہرست جاری۔
ایٹالہ راجندر دوحلقوں، بنڈی سنجے کریم نگر، ڈی ارونڈ کورٹلہ مقابلہ کریں گے
حیدرآباد: ۔22؍اکتوبر
(زین نیوز)
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے 52 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات 30 نومبر کو ہونے والے ہیں۔
پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی صدارت میں مرکزی الیکشن کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی اور جمعہ کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے شرکت کی۔
52 امیدواروں میں سے 20 کا تعلق پسماندہ ذات سے، 12 کا تعلق ریڈی برادری سے اور 6 کا ویلما برادری سے جبکہ 14 کا تعلق درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے ہے۔ پہلی فہرست میں 12 خواتین کے نام سامنے آئے ہیں۔
تاہم مرکزی وزیر سیاحت اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی راجیہ سبھا کے رکن کے لکشمن، بی جے پی کے نائب صدر ڈی کے ارونا، سابق ایم ایل اے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور سابق ایم پی وجے شانتی کے نام اس فہرست سے غائب ہیں۔
بی جے پی نے آنے والے اسمبلی انتخابات میں تین موجودہ ممبران پارلیمنٹ – بنڈی سنجے ، اروند دھرما پوری اور سویام باپو راؤ کو میدان میں اتارا ہے۔ بنڈی سنجے کریم نگر سے، اروند دھرما پوری کورٹلہ سے اور باپو راؤ بوتھ سے مقابلہ کریں گے۔ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ایٹالہ راجندر دو سیٹوں حضور آباد اور گجویل سے مقابلہ کریں گے، جہاں سے بی آر ایس صدروچیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مقابلہ کریں گے۔
بی جے پی کے معطل ایم ایل اے ملعون  راجہ سنگھ کو گوشہ محل سے دوبارہ نامزد کیا گیا تھا۔ بی جے پی نے اتوار کو ان کی معطلی منسوخ کردی ہے۔ راجہ سنگھ کو بی جے پی نے گزشتہ سال اگست میں معطل کر دیا تھا جب ان پر حیدرآباد پولیس نے پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصروں کے لیے مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔
ٹی ڈی پی کے سابق ایم ایل اے انا پورنما کو بالکنڈہ حلقہ کے لیے چنا گیا ہے۔ چندوپتلا کیرتی ریڈی، بھوپال پلی کے لیے بی جے پی کے لیڈر چندوپتلا جنگا ریڈی کی بہو ہیں امیدوار ہیں۔ بی جے پی کی ریاستی ترجمان رانی رودرما سرسلہ سے بی آر ایس کے ورکنگ پریزیڈنٹ اور آئی ٹی وزیر کے ٹی راما راؤ کے خلاف مقابلہ کریں گی
جب کہ جگتیال میونسپلٹی کی میونسپل چیرپرسن بوگا شراوانی جو حال ہی میں بی آر ایس سے بی جے پی میں آئی ہیں، جگتیال سے الیکشن لڑیں گی۔ پہلی فہرست میں دیگر خواتین امیدواروں میں جوکل سے ارونتارا، چوپا ڈانڈی سے بودیج شوبھا اور ورنگل ویسٹ سے راؤ پدما شامل ہیں۔
ایم راگھونندن راؤ اپنی ڈوباکاسیٹ کا دفاع کریں گےجب کہ گڈور نارائن ریڈی، جنہوں نے رضاکار فلم تیار کی تھی کو بھونگیر کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پنچایتی راج کے وزیر ایررابیلی دیاکر راؤ کے بھائی ایرابیلی پردیپ راؤ کو ورنگل ایسٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔