ہندوستانی بلے باز ویبھو سوریاونشی کی طوفانی اننگز، 52 گیندوں میں ڈبل سنچری،
53 گیندوں پر 204 رنز۔ لسٹ اے کرکٹ میں تاریخ رقم
کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ ریکارڈ 28 چھکے
نئی دہلی :۔24؍نومبر
( انٹر نیٹ ڈیسک)
ہندوستان اے نے یو اے ای کا 250 رنز کا ہدف محض 14.2 اوورز میں حاصل کرلیا نوجوان ہندوستانی بلے باز ویبھو سوریاونشی نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچاتے ہوئے محض 53 گیندوں پر 204 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیل کر لسٹ اے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
دوحہ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں 15 سالہ سوریاونشی نے 384.90 کے حیران کن اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے اور اپنی اننگز کے دوران ریکارڈ 28 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ ان کے 204 رنز میں سے 196 رنز صرف باؤنڈریز کے ذریعے حاصل ہوئے۔
سوریاونشی نے محض 28 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جب کہ 40 گیندوں میں 150 اور 52 گیندوں میں ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کیا۔ اس طرح انہوں نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری اور ڈبل سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔سوریاونشی نے چاڈ بوز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جس نے 2024 میں فورڈ ٹرافی میں اوٹاگو کے خلاف کینٹربری کے لیے 103 گیندوں پر 200 رنز بنائے تھے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی پہلے ہی ان کے نام تھا۔ہندوستان اے کو کامیابی کے لیے 250 رنز کا ہدف ملا تھا، جسے ٹیم نے صرف 14.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سوریاونشی ٹیم کو فتح سے محض پانچ رنز قبل آؤٹ ہوئے۔ وہ مزید ایک چھکا لگاکر میچ ختم کرنا چاہتے تھے، تاہم لانگ آف پر کیچ دے بیٹھے۔سوریاونشی نے اننگز کے آغاز میں دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بنایا، لیکن اس کے بعد ان کا جارحانہ انداز دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ انہوں نے زاہد علی کے خلاف لگاتار تین چھکے لگائے اور محض 16 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کرلی۔
دوسرے سرے پر موجود ابھیشیک شرما اس وقت تک صرف دو رنز بنا سکے تھے۔ابھیشیک شرما نے بھی اگلے اوور میں ابرار احمد کے خلاف چوکا اور چھکا لگاکر تیزی دکھائی، تاہم وہ پانچ گیندوں پر 12 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پربھسمرن سنگھ نے سوریاونشی کا ساتھ دیا، لیکن وہ بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔
چھ اوورز کے اختتام پر ہندوستان اے کا اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز تھا۔ سوریاونشی نے اس کے بعد ابرار احمد کے ایک اوور میں چھکا، دو چوکے، دو چھکے اور ایک چوکا لگاکر مجموعی طور پر 30 رنز بٹورے۔ اسی اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری مکمل کی۔ ابرار نے اپنے تین اوورز میں 71 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔
نویں اوور میں یو اے ای نے بائیں ہاتھ کے اسپنر اُدیش سوری کو گیند تھمائی، لیکن وہ بھی سوریاونشی کے طوفان کو روکنے میں ناکام رہے۔ دسویں اوور میں سوریاونشی نے زاہد علی کے خلاف چوکا اور دو چھکے لگاکر 150 رنز کا سنگ میل بھی تیزی سے عبور کیا۔ گیارہویں اوور میں 163 رنز کے انفرادی اسکور پر انہیں ایک آسان کیچ کے ذریعے آؤٹ کرنے کا موقع ملا، لیکن فیلڈر نے یہ موقع گنوا دیا۔
اس کے بعد بارہویں اوور میں سوریاونشی نے اُدیش سوری کی گیندوں پر مسلسل چار چھکے اور ایک چوکا لگاکر یو اے ای کے گیند بازوں کو بے بس کردیا۔ اس وقت ہندوستان اے کا مجموعی اسکور صرف 12 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز تک پہنچ چکا تھا۔بالآخر یو اے ای کے کپتان باسل حمید نے تیرہویں اوور میں سوریاونشی کی اننگز کا خاتمہ کیا، لیکن اس وقت تک مقابلہ یکطرفہ ہوچکا تھا۔
یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہرپریت سنگھ کی 144 گیندوں پر 130 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 249 رنز بنائے تھے۔ ٹاس کے موقع پر یو اے ای کے کپتان نے 250 رنز کے مجموعے کو مسابقتی قرار دیا تھا، لیکن سوریاونشی کی غیر معمولی بلے بازی نے اس ہدف کو بھی انتہائی معمولی بنادیا۔
محض 53 گیندوں پر 204 رنز، 28 چھکے اور 384.90 کا اسٹرائیک ریٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ ویبھو سوریاونشی نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار باب رقم کردیا ہے۔
تیز ترین لسٹ اے ڈبل سنچریوں کی فہرست میں شامل دیگر بلے بازوں میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک، جنہوں نے رواں سال کے اوائل میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے میں یہ کارنامہ انجام دیا، آسٹریلیا کے اوپنر ٹریوس ہیڈ اور تامل ناڈو کے بلے باز نارائن جگادیسن شامل ہیں۔
